قائمہ کمیٹی،الطاف حسین کے خلاف غداری کے مقدمے کی سفارش

89

اسلام آباد (آن لائن ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے بانی ایم کیو ایم کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ درج کرنے کی سفارش کردی،کمیٹی نے برطانیہ کو بھجوائے گئے ریفرنس کی تفصیلات وزارت قانون سے طلب کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی متفقہ طور پر سمجھتی ہے جن لوگوں نے پاکستان کے خلاف بات کی انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ اس کام کی کوئی جرأت نہ کرسکے، پاکستان ہمارا ملک، ہماری ماں ہے، اس کیخلاف کسی قسم کی بھی غلط بات برداشت نہیں کی جائے گی،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون کا اجلاس جمعرات کو چیئرمین جاوید عباسی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، بابر اعوان نے قانون و انصاف حکام سے برطانیہ کو بھجوائے گئے ریفرنس کے بارے میں سوال اٹھایا،اجلا س میں سوال کیا گیا کہ ایک رکن قومی اسمبلی کی پاکستان مخالف نعروں میں آواز ہے اس کیخلاف کیا اقدامات کیے جارہے ہیں،بابر اعوان نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے وزیراعظم کے 22 رکنی وفد کی نامزدگی پر بھی اعتراض اٹھایا اور کہا کہ اگر ریوڑیاں پارلیمنٹ میں ہی تقسیم ہونی ہیں تو ان کی تقسیم کا فارمولہ کیا ہے، قائمہ کمیٹی نے سیکرٹری قانون کو آئند ہ اجلاس میں تمام سوالات کا تحریری جواب دینے کی ہدایت کردی ،سینیٹرکریم خواجہ نے کہا کہ اردوکے ساتھ دیگرمقامی زبانوں کو بھی قومی زبان کا درجہ دیا جائے،اس سے اپنائیت ملے گی ،بابراعوان نے اس پراعتراض کیا جس پر سینیٹر کریم خواجہ نے کہا بل کی منظوری کے لیے ووٹنگ کرا لیتے ہیں لیکن زیادہ ترممبران اور چیئرمین کمیٹی کی پرزور اپیل پر بل کو آئندہ اجلاس کے لیے چھوڑدیا گیا ہے۔