مغوی بچہ بازیاب

135

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپا مار کارروائیوں کے دوران سنگین جرائم میں ملوث10ملزمان کو گرفتا رکر لیا۔7سالہ مغوی بچہ بازیاب، اسلحہ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد کی حدود میں پولیس پارٹی نے مشکوک شخص کے خلاف کارروائی کر کے غلام رحیم کو گرفتارکرلیا ،اغوا کار مغوی 7سالہ بچے کو بہلا پھسلا کر لے جا رہا تھا ، اغوا کار بدین کا رہائشی بتایا جا رہا ہے ، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے ، مدینہ کالونی تھانے کی انوسٹی گیشن پولیس پارٹی نے ایک درجن سے زائد وارداتوں میں ملوث 5ملزمان خرم عزیز ، شان مشتاق ، سلمان بھٹی ، ذیشان عرف شانی ولد دانیال اور عاقب عیسیٰ ولد غلام عیسیٰ کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ، ادھر اتحاد ٹاؤن تھانے کی پولیس پارٹی نے قائم خانی کالونی میں مقابلے کے بعد کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے ملزمان بلال اور ساجد عزیز کو گرفتار کر لیا ، ملزمان کے قبضے سے 2پستول اور ایک ہینڈ گرنیڈ برآمد کر لیا ، دوسری جانب ماڑی پور تھانے کی پولیس پارٹی نے خفیہ اطلاع پر چھاپا مار کر لیاری گینگ وار شہزاد چارلی گروپ کے اہم کارندے ریاض بلوچ عرف ٹی ٹی کو گرفتار کرلیا ، ملزم قتل ، اقدام قتل ، ڈکیتی ،اغوا برائے تاوان ، بھتا خوری جیسی سنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا، کلفٹن تھانے کی پولیس پارٹی نے مقابلے کے بعد اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ۔سعید آباد تھانے کی پولیس پارٹی نے ملزم ممتاز ولد پیر محمد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ دریں اثنا نیو کراچی تھانہ پولیس کی بھاری نفری نے B /11میں گٹکے کے کار خانے پر چھاپا مارکر گودام سے 15 بوری چھالیہ، مختلف مضرصحت کیمیکل کے پیکٹ، کتھا ،چونے کے16ٹب, مین پوری کے16 تھیلے، ماوا گٹکے کے 125تھیلے،2625پڑیاں اور دیگر سامان برآمد کرلیا ، جبکہ پولیس نے چھاپے میں ایک ملزم کامران کو گرفتار کر لیا ہے،ایس ایچ اونیو کراچی پولیس فیض الحسن کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کرکے مزید تفتیش جاری ہے ۔