میرپور خاص، متحدہ کے دفاتر کیخلاف پولیس اور رینجرز کا آپریشن

151

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) سندھ کے دیگر شہروں کی طرح میرپور خاص میں بھی متحدہ کے قائد کی تصاویر، پوسٹرز، بینرز، وال چاکنگ اور قبضہ کرکے قائم کیے گئے دفاتر کے خلاف پولیس اور رینجرزکا مشترکہ آپریشن۔ سندھ کے دیگر شہروں کی طرح میرپور خاص میں بھی گزشتہ روز میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں،پولیس اور رینجرزنے شہر بھر میں متحدہ کے قائد الطاف حسین کی تصاویر کے بینرز، پوسٹرز اتارنے کے لیے آپریشن شروع کردیا ہے۔ پولیس اور رینجرز نے اسسٹنٹ کمشنر غلام حسین کانیو کی سربراہی میں شہر کے ایم اے جناح روڈ، نیو بس ٹرمینل، حمید پورہ کالونی، ہیر آباد، سیٹلائٹ ٹاؤن اور نائی پاڑہ سمیت شہر کے کاروباری اور تجارتی مراکز میں لگی الطاف حسین کی تصاویر، پوسٹرز، بینرز اور جھنڈوں کو اتارنا شروع کردیا ہے جبکہ غیر قانونی طور سے بنائے گئے یونٹ دفاتر کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔ چاکی پاڑہ تفریح پارک میں قائم یونٹ آفس کو سیل کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کوئی مزاحمت نہیں ہوئی۔ واضح رہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت مختلف سرکاری مقامات پر قائم متحدہ کے چار دفاتر کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔