پاکستان’’پھلوں کا بادشاہ‘‘ آم برآمد کرنے والا دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے

152

اسلام آباد(اے پی پی) ترکی میں پاکستان کے سفیر سہیل محمد نے کہا ہے کہ پاکستان ’’پھلوں کا بادشاہ‘‘ آم برآمد کرنے والا دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے، پاکستان امریکا، یورپی یونین اور جاپان سمیت دنیا کے 57 ملکوں کو آم برآمد کر رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے اور ٹی ڈی پی اے کے اشتراک سے منعقد ’’پاکستان مینگو فیسٹیول‘‘ کے شرکاء سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ اہم سیاسی رہنماؤں، فوڈ و مشروبات صنعت کے نمائندوں، پھلدرآمد کنندگان، سفارتکاروں اور میڈیا کے نمائندوں نے فیسٹول میں شرکت کی۔ پاکستان مینگو فیسٹیول میں مینگو آئس کریم، مینگو سوفلی، مینگو ٹرفل، مینگو ٹارٹ، مینگو پڈنگ، مینگو سلاد، مینگو ملک شیک، مینگو لسی اور مینگو کیک جیسے مختلف ذائقوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ سہیل محمد نے کہا کہ پاکستان میں سندھڑی،انور راٹول، لنگڑا، دوسری، فجری اور چونسہ سمیت اعلی معیار کے 110مختلف اقسام کے آم پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کی غرض سے آزادانہ تجارتی معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ چیئرمین پاکستان ترکی کلچرل ایسوسی ایشن اور رکن ٹرکش گرینڈ نیشنل اسمبلی برہان کیا ترک نے اپنے خطاب میں پاکستانی آم کے مخصوص زائقے کی تعریف کی اور ذائقہ میں اسے دنیا کا نمبر ون قرار دیا۔