پاکستان نے ایٹمی تجربات پر عارضی پابندی کی تجویز دے دی

108

نیویارک (آن لائن)اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پہل کرتے ہوئے بھارت کو جوہری تجربات پر دو طرفہ عارضی پابندی کی تجویز دی ہے اور اب وہ بھارت کے جواب کا منتظر ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے جوہری تجربات پر پابندی کے معاہدے سی ٹی بی ٹی پر عملدار آمد کی سربراہ لاسینا زیربو نے کہا کہ پاکستان بھارت کے جواب کا انتظار کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل جوہری تجربات پر پابندی کے معاہدے پر 5 سال کے اندر توثیق کر دے گاجب کہ ایران بھی معاہدے کی توثیق کے لیے مناسب وقت تلاش کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جوہری عدم پھیلاؤ کے لیے ایران اور عالمی دنیا کے جوہری معاہدے سے مشرق وسطیٰ میں ’اس جانب آگے بڑھنے میں اعتماد کی فضا پیدا ہوئی ہے۔‘لاسینا زیربو کے بقول انہوں نے کئی بارایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی ہے اور تجربات پر پابندی کے لیے ایرانی کافی سرگرم دکھائی دیتے ہیں، امید کر سکتی ہوں کہ یہ وقت کل بھی آ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں پر پابندی کے معاہدے سی ٹی بی ٹی کے ممبران ممالک کی تعداد 196 ہے اور 183 ممالک نے اس معاہدے پر دستخط کیے ہیں جبکہ 164 ممالک نے اس کی توثیق کی ہے۔اس معاہدے پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے کیونکہ دنیا کے8ممالک جو اٹیمی صلاحیت رکھتے ہیں انہوں نے اس معاہدے کی توثیق نہیں کی ہے۔ان ممالک میں امریکا، چین، ایران، اسرائیل، مصر، بھارت ، پاکستان اور شمالی کوریا شامل ہیں۔یاد رہے کہ دنیا میں جوہری صلاحیت رکھنے والے 8ممالک میں شمالی کوریا وہ واحد ملک ہے جس نے21ویں صدی میں بھی جوہری تجربات کیے ہیں۔