پنگر یو سیڑوں دیہات میں بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے

188
پنگریو ( نمائندہ جسارت) حیدر آبا د الیکٹرک سپلائی کمپنی ( حیسکو) پنگریو کے عملے نے سمن سرکار برانچ کے دو سو سے زائد دیہات کی بجلی گزشتہ دو روز سے معطل کر رکھی ہے جس کی وجہ سے متاثرہ دیہات کے ہزاروں باشندوں کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بجلی معطل ہونے کے باعث علاقے میں واٹر سپلائی موٹریں اور آٹا چکیاں بند ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے پینے کے پانی او ر آٹے کا بحران پیدا ہو گیا ہے جبکہ شدید حبس اور گرمی میں بجلی غائب ہونے کے باعث لوگ راتیں جاگ کر کاٹنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اس حوالے سے متاثرہ دیہات کے باشندوں بشیر احمد، علی گوہر ، سکندر علی کھوسو اور محمد ادریس کی قیادت میں پنگریو جھڈو روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا گیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے میڈیا کو بتایا کہ حیسکو پنگریو کے عملے نے دانستہ طور پر سمن سرکار برانچ کی بجلی دو روز سے معطل کر رکھی ہے، جس سے اس برانچ کے ہزاروں باشندے شدید پریشانی کا شکار ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی بلا جواز معطلی کے بارے میں حیسکو پنگریو کے عملے کو بار بار آگاہ کیا مگر حیسکو عملے نے تاحال بجلی بحال نہیں کی اور لائن میں فنی خرابی کا جواز پیش کیا جا رہا ہے، جو کہ سراسر بے بنیاد ہے۔ حیسکو عملہ محض یونٹ بچانے کے لیے اس طرح کی حرکتیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی نہ ہونے کے باعث ہمارے دیہات تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے چوریاں ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو پنگریو کا عملہ ایکسیئن حیسکو بدین کے کہنے پر سمن سرکار برانچ اور دیگر برانچوں کی بجلی معطل کر رہا ہے، مقصد عملے کی رشوت خوری کو چھپانا ہے۔ مظاہرین نے مزید کہا کہ حیسکو پنگریو کے عملے نے اپنی کرپشن اور چوری چھپانے کے لیے صارفین کو اذیت میں مبتلا کر نے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ پنگریو گرڈ اسٹیشن کے عملے کو رشوت دے کر با ر بار ٹرپنگ کرائی جاتی ہے جس کی وجہ سے صارفین کی قیمتی الیکٹرک اشیا جل جاتی ہیں جبکہ مختلف برانچوں کی بجلی چوبیس چوبیس گھنٹے معطل رکھی جاتی ہے۔ مظاہرین نے حیسکو چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ پنگریو میں حیسکو عملے کی جانب سے بلا جواز طور پر دیہات اور قصبوں کی بجلی معطل رکھنے اور صارفین کو جان بوجھ کر اذیت کا شکار کر نے والے حیسکو کے بدعنوان عملے کے خلاف کارروائی کی جائے اور صارفین کو طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی جائے بصورت دیگرمتاثرین حیسکو حکام اور عملے کا گھیراؤ کریں گے۔