آرمی چیف کی مدت ملازمت پر قیاس آرائیاں نہ کریں فیصلے میں تبدیلی ہوئی تو آگاہ کردیں گے،فوجی ترجمان

143

راولپنڈی (خبرایجنسیاں) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کے بارے میں قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔ ان کے بقول اس معاملے پر ادارہ اپنی پوزیشن پہلے ہی واضح کر چکا ہے، اگر فیصلے میں کوئی تبدیلی ہوئی تو آگاہ کر دیا جائے گا۔جمعرات کوراولپنڈی میں طویل پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مخالف نعر ہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں کیا جائے گا،الطاف حسین کی ایک کال پر کراچی بند ہوجاتا تھا تاہم اب یہ روایت ختم کردی ہے ، ایم کیو ایم کے خلاف کچھ ایکشن ہو چکے ہیں اور کچھ آنے والے دنوں میں ہوں گے ۔ عاصم باجوہ نے بتایاکہ کراچی آپریشن سے دہشت گردی کے واقعات میں 74 فیصد، ٹارگٹ کلنگ میں 94 فیصد، بھتا خوری میں95 فیصد اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں 89 فیصد کمی آئی ہے،شہر میں امن قائم ہوا اور معیشت بہتر ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر اب تک5ہزار 877 کارروائیوں میں تقریباً 6 ہزار دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ فوجی ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان میں اچھے اور برے دہشت گرد کا کوئی تصور نہیں، حقانی نیٹ ورک سمیت تمام دہشت گردوں کو بلا تفریق مارا گیا، آپریشن ضرب عضب کا مقصد دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے،ملک بھر میں168 کومبنگ آپریشن کیے گئے ، شمالی وزیرستان سے دہشت گردوں کا صفایا ہو چکا ، اب شوال کا علاقہ سوئزرلینڈ اور پیرس جیسا بن گیا جب کہ پنجاب میں رینجرز کو اختیارات کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے ۔ عاصم باجوہ کے مطابق پاکستان میں خود کو دولت اسلامیہ کہلوانے والی شدت پسند تنظیم داعش نے جگہ بنانے کی کوشش کی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا ہے تاہم اس کے خاتمے کا کام ابھی ختم نہیں ہوا، اس کے 309اراکین جس میں ان کے امیر حافظ عمر شامل ہیں گرفتار ہو چکے ہیں جن میں 25 غیر ملکی اور 157 چھوٹے گروپس بھی ملوث تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کل بھوشن کی گرفتاری کے بعد ایک نیٹ ورک پکڑا گیا ہے۔