انتخابات سے متعلق چیف جسٹس کا بیان منصب کے منافی ہے‘احسن اقبال

132

اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ 2018 ء میں انتخابات کا انعقاد آئین کا تقاضہ ہے۔چیف جسٹس کا بیان کہ 2018ء میں الیکشن ہوتے نظر نہیں آتے حیران کن اور ان کے منصب کے شایان شان نہیں۔ مردم شماری میں تاخیر کی ذمے دار وفاقی حکومت نہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مارچ 2016ء میں مردم شماری کا بندوبست کر چکی تھی۔ التوا بلوچستان حکومت کے تحفظات اور سیکورٹی کے
تقاضوں کی بنا پر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے ان کا تقاضہ ہے کہ دنیا کو پاکستان کے جمہوری نظام کے استحکام کا یقین دلایا جائے نہ کہ بے یقینی پھیلانے والے بیانات یا تبصرے کیے جائیں۔ پاکستان کو درپیش پیچیدہ انتظامی و سیاسی مسائل موجودہ حکومت کے پیدا کردہ نہیں ہیں بلکہ ماضی کی غیر آئینی حکومتوں کا ورثہ ہیں۔ اس گند کو صاف کرنے کے لیے ضروری ہے کہ قومی ادارے یکسوئی اور آئینی تقاضوں کے مطابق مل کرملک میں بہتر گورننس اور آئینی حکمرانی کے راستے پر گامزن کرنے کے لیے ذمے دارانہ کردار ادا کریں۔