بدین شہریوں کے ہاتھوں بچوں کے اغواء کے شبے میں 3 افراد کی پٹائی ،پولیس کے حوالے

149

بدین (نمائندہ جسارت)ضلع بدین کے مختلف شہروں میں شہریوں کے ہاتھوں بچوں کے مبینہ اغوا کاروں کی پٹائی، پولیس کے حوالے۔تفصیلات کے مطابق ضلع بدین کے شہروں بدین اور گولارچی میں 3 مبینہ بچوں کے اغوا کاروں کی شہریوں کے ہاتھوں زبردست پٹائی کی گئی۔پٹائی کے بعد شہریوں نے مبینہ اغوا کاروں کو بدین اور گولارچی پولیس کے حوالے کر دیا۔لیکن پولیس کی جانب سے تحقیقات کرنے کے بجائے اغوا کاروں کو دماغی مریض قرار دے کر چھوڑنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ ضلع بدین میں اس وقت مختلف گوٹھوں اور چھوٹے شہروں میں پراسرار لوگوں کی موجودگی کی افواہیں سرگرم ہیں جس کی وجہ سے خوف کی فضا قائم ہے اور یہی وجہ ہے کہ شہریوں نے اغوا کے خوف کے باعث اپنے بچے اسکول بھیجنا بند کر دیے ہیں۔ ضلع بدین میں اچانک ہی درجنوں نامعلوم افراد جو کہ مقامی زبان سے بھی نا واقف ہیں، مختلف علاقوں میں دیکھے گئے ہیں۔ شہریوں کے مطابق ان میں سے بعض نیم پاگل اور چند فقیر دکھائی دیتے ہیں جبکہ چند خود کو خفیہ پولیس اہلکار بھی بتاتے پائے گئے ہیں۔ ضلع بدین میں پولیس کی جانب سے اب تک پراسرار خاموشی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے جبکہ شہریوں کی جانب سے پولیس کے حوالے کیے جانے والے مبینہ بچوں کے اغواکاروں کو نیم پاگل قرار دے کر چھوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ آخری اطلاعات تک ایک مبینہ اغواکار بدین پولیس کی تحویل میں جبکہ 2 مبینہ اغواکار گولارچی پولیس کی تحویل میں ہیں جنہیں شہریوں نے گاؤں وڑھنائی شریف اور دادرکو فارم کے پاس مشکوک حرکات پر پٹائی کے بعد پولیس کے حوالے کیا۔دوسری جانب رابطہ کرنے پر بدین تھانے کے بڑے منشی محمد حنیف پہنور نے بتایا کہ شہریوں کی جانب سے پولیس کے حوالے کیا جانے والا شخص اپنا نام بتانے کے بھی قابل نہیں اور یہ حلیے سے بھی دماغی بیمار دکھائی دیتا ہے جس کی وجہ سے اس کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں ہو سکتی۔