جدید تعلیم اور تحقیق کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی‘لیاقت بلوچ

139

لاہور( نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ تعلیم ،سائنس و ٹیکنالوجی اور تحقیق کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے لالہ رخ اسلامک اسکولز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا
کہ نظام تعلیم ،تعلیمی اداروں اور طلبہ و اساتذہ کی بامقصد تعلیم کے لیے نظام اور ذہن سازی ناگزیر ہے۔ آئی ایم ایف،ورلڈ بینک ،ڈی ایف آئی ڈی اوریو ایس ایڈ جیسے ادارے قرضوں اور سود کی لعنت سیہماری تعلیم،تہذیب اور نئی نسل کے مستقبل پر حملہ آور ہیں۔حکومت سرکاری تعلیمی ادارے اور پرائیویٹ سیکٹر کے تعلیمی ادارے تعلیم اور نئی نسل کے مستقبل کے تحفظ کے مشترکہ ذمے دار ہیں۔لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا اورتجویزکیا کہ طبقاتی نظام تعلیم اور انحصار کا درآمد شدہ نظام تعلیم کے بجائے یکساں نظام تعلیم نافذ کیا جائے۔عدالت عظمیٰ کے فیصلے اور آئین کے مطابق ذریعہ تعلیم،ذریعہ امتحان اور مقابلے کے امتحانات اردو میں لیے جائیں ۔ قومی زبان اردو کو لازماً نافذ کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ مجموعی قومی پیداوار کے اخراجات میں دفاع اور تعلیم پر برابر اخراجات کیے جائیں۔تعلیمی نظریاتی اور اخلاقی کرپشن ختم کی جائے۔سیاسی جماعتیں اور عوام آئین کی دفعات 62-63کے معیار کے مطابق امیدواران اور قیادت کا انتخاب کریں۔انسانیت کی عظمت،انسانوں پر ظلم اورحقوق کی پامالی کشمیر اور فلسطین اتحاد و امت وحدت و یکجہتی کو نصاب تعلیم میں شامل کیا جائے۔