وفاقی حکومت بنگلا دیش کے مجرمانہ اقدامات پر آواز اٹھائے، طاہر مجید

154

ٹنڈو جام (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدر آباد حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ بنگلا دیش میں جماعت اسلامی کے رہنما پاکستان سے محبت کرنے پر سزائے موت پا رہے ہیں لیکن وفاقی حکومت بنگلا دیش کے اس مجرمانہ اقدامات پر آواز اُٹھانے کے بجائے پاکستان کے خلاف نعرے لگانے والوں کو بچانے میں لگی ہوئی ہے۔ یہ بات انہوں نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے بار بار کہنے کے باوجود کہ وہ بنگلا دیش میں پاکستان کی بقا کی جنگ لڑنے والوں کو سزائے موت دینے کیخلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائے اور اور جب تک بنگلا دیش کی حکومت اپنی ظالمانہ اور انتقامی سیاست کو ترک نہیں کرتی، اُس وقت تک بنگلا دیش سے تعلقات ختم کیے جائیں لیکن حکومت نے آج تک ان محب وطن پاکستانیوں کے لیے کچھ نہیں کیا اور آج وہ محب وطن پاکستانیوں کو بچانے کے بجائے پاکستان کے خلاف نعرے لگانے والوں کو بچانے میں لگی ہوئی ہے اور عصبیت کی پرانی بوتل پر نیا لیبل لگا کر شراب تیار کر نے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اسی وجہ سے برطانیہ کو مکمل ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ جماعت اسلامی واحد تنظیم ہے، جو منظم ہے، محب وطن اور کرپشن سے پاک ہے۔ جماعت اسلامی کے سوا کوئی جماعت اس ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے اور نہ کرپشن سے پاک کرسکتی ہے۔