ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) چیئرمین بلدیہ ٹنڈو آدم کا بلدیہ کے تمام شعبوں کا دورہ، حاضریاں چیک کیں، غیر حاضر ملازمین کو آخری وارننگ۔ چیئرمین بلدیہ ٹنڈو آدم مسرور احسن غوری، وائس چیئرمین اصغر علی عباسی اور چیف میونسپل آفیسر نے بدھ کی صبح 9 بجے بلدیہ ٹنڈو آدم کی اکاؤنٹس برانچ، ٹیکس برانچ، واٹر سپلائی برانچ، الیکٹرک، جنرل برانچ، فائر بریگیڈ، گلشن صدیقی پارک اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور حاضری رجسٹر منگوا کر ملازمین کی حاضریاں چیک کیں۔ کئی ملازمین ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے، جس پر متعلقہ شعبہ جات کے سربراہوں کو ہدایت کی کہ وہ تمام ملازمین کی وقت پر حاضری یقینی بنائیں اور اسے آخری وارننگ سمجھیں۔ عوامی مسائل کو ہمدردی سے سنیں اور ان کے بروقت تدارک کو یقینی بنائیں۔ چیئرمین بلدیہ مسرور احسن غوری نے کہا کہ میرے دفتر کے درواز ے سب کے لیے کھلے ہیں۔ ہمارا مقصد صرف اور صرف عوامی خدمت ہے، شہری اپنے مسائل کے حل کے لیے بلا جھجک براہ راست مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔