پانامالیکس‘جماعت اسلامی وپی ٹی آئی آج اپیلیں دائر کریں گی

141

اسلام آباد (صباح نیوز)جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی جانب سے پاناما پیپرز تحقیقات کے حوالے سے دائر درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف اپیلیں آج دائر کیے جانے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ رجسٹرارعدالت عظمیٰ نے پاناما پیپرز تحقیقات کے حوالے سے دونوں جماعتوں کے سربراہان کی جانب سے دائر درخواستیں اعتراضات لگا کر واپس کر دی تھیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے وکیل اسد منظور بٹ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی پٹیشن رجسٹرارعدالت عظمیٰ کے اعتراضات کے خلاف اپیل ایک 2 روز میں دائر کر دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناما تحقیقات کی پٹیشن پر رجسٹرار کے
اعتراضات درست نہیں۔ دوسری جانب عمران خان کی جانب سے وزیراعظم کی نااہلی کے لیے دائر درخواست پر اعتراضات کے خلاف تحریک انصاف کے وکلا آج عدالت عظمیٰ میں اپیل دائر کریں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما اسحاق خاکوانی کا کہنا ہے کہ رجسٹرار پوری درخواست کو غیر سنجیدہ قرار دے کر مسترد نہیں کر سکتے۔ اعتراضات کی اپیل میں ثابت کریں گے کہ پٹیشن کے لیے مناسب فورم عدالت عظمیٰ ہے۔ اسحاق خاکوانی نے کہا کہ امید ہے اعتراضات پر اپیل کی سماعت پیر تک جج کے چیمبر میں ہوجائے۔ان کا کہنا تھا کہ درخواستوں پر رجسٹرار کے اعتراض لگنا کوئی غیر معمولی بات نہیں، اعتراض دور کیے جاسکتے ہیں۔