لاہور (نمائندہ جسارت)امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمدسعید نے کہا ہے کہ بھارت امریکا دفاعی معاہدے پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے کیے گئے‘یہی معاہدے بھارت کی تباہی کی بنیاد بنیں گے‘آرمی چیف جنرل راحیل شریف کادشمنوں کو پیغام پاکستانی قوم کی آواز ہے‘حکمران دشمنوں سے کھری کھری بات کریں‘کشمیری پاکستان کا پرچم اٹھا کر گولیاں کھا رہے ہیں‘ہمیں ان کے ساتھ یکجہتی اور مد د کرنی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد سعید کا مزید کہناتھا کہ بھارت نے اپنے اڈے اور بندرگاہیں امریکا کے حوالے کر دیں ‘وہ چین اور پاکستان کے خلاف محاذ کھڑا کر رہے ہیں ‘ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے دورہ بھارت میں کہا کہ حافظ سعید پاکستان میں تقریریں کرتا ہے اسے حکومت نہیں روکتی‘ وہ دہشت گرد اور دنیا کے لیے خطرہ ہے۔حافظ سعیدکا کہناتھا کہ حکمران بھارت امریکا معاہدوں سے پریشان ہونے کے بجائے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی طرح دفاع پاکستان کے لیے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں پھر دھمکیاں دینے اور ڈرانے والے خود آپ کے پا س آئیں گے۔حافظ سعید کاکہناتھا کہ بھارت کشمیریوں کی حالیہ تحریک آزادی سے پریشان ہے اور بوکھلاہٹ میں بھارتی فوج کشمیریوں پر گولیاں برساتی رہی ہے‘کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ پیلٹ گن سے سیکڑوں نوجوان بینائی سے محروم ہوچکے ہیں لہٰذا حالیہ صورتحال میں پاکستان کو کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی اور ان کی مدد کرنی ہے۔