کراچی (اسٹاف رپورٹر )گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹولا یونیورسٹی کا قیام صوبے کے لیے اعزاز ہے کیونکہ اسے نہ صرف قانون کے شعبے میں بلکہ پاکستان بھر میں پہلی جامعہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ یہ قانون کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے بھی امید کی کرن ثابت ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی کی سینیٹ کے 5 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری محمد حسین سید ، مشیرتعلیم سید وجاہت علی ، بانی وائس چانسلر جسٹس (ر) قاضی خالد علی اور بورڈ اور یونیورسٹیز کے سیکرٹری نوید احمد شیخ نے بھی شرکت کی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یونیورسٹی کا قیام 12 سال کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے کیونکہ اس ضمن میں مسلسل کا وشوں کے ذریعے متعلقہ حکام کو جامعہ کے قیام کی اہمیت اور ضرورت کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس کے بعد پاکستان بھر میں اپنی نوعیت کی پہلی جامعہ کا قیام عمل میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کی جانب سے تین سال کے مختصر عرصہ میں نمایاں ترقی پر وائس چانسلر ، فیکلٹی ارکان اور طالب علم مبا رک باد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے جامعہ کی جانب سے برطانوی تعلیمی اداوروں سے تعاون اور (بامفاہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طالب علموں کو نامور اور معتبر برطانوی تعلیمی اداروں سے اپنی ڈگری کی توثیق کی سہولت حاصل ہو گی ۔اس کے ساتھ ساتھ برطانوی مالیاتی اداروں اور دیگر اداروں کی جانب سے پاکستانی طالب علموں کو اسکالر شپ بھی دی جائے گی ۔ انہوں نے یونیورسٹی کی جانب سے اپنے نام سے قائم کیے جانے والے عشرت العباد خان ریسرچ سینٹر پر شکریہ بھی ادا کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر قاضی خالد علی نے بھی خطاب کیا۔
گورنرسندھ