حکومتی پشت پناہی سے قاتل‘بھتا خور پھر کراچی پر مسلط ہوجائیں گے : جماعت اسلامی کے نائب امیر حافظ محمد ادریس

170

لاہور(نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی کے نائب امیر حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ حکومتی پشت پناہی سے قاتل‘بھتا خور پھر کراچی پر مسلط ہوجائیں گے۔بھارتی ہاتھوں میں کھیلنے اور دشمن کے عزائم کی تکمیل کے لیے ہزاروں لوگوں کا قتل عام کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ ادریس نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دفاتر گرانے اور الطاف حسین کی تصاویر پھاڑنے والے ایک بار پھر قوم کو دھوکا دینے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 30سال تک روشنیوں کے شہر کو تاریکیوں کے حوالے کرنے والے قوم کو حقائق بتائیں اوراندھیروں کے راج میں معصوم لوگوں کا شکار کرنے والوں کو بے نقاب کریں ۔پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ اور مشرف نے بھتا مافیا،ٹارگٹ کلرزاور بوری بند لاشوں کے سوداگروں کو ساتھ بٹھائے رکھا۔ایم کیو ایم کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کو بھی آئین و قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔حافظ ادریس نے کہا کہ منی پاکستان کراچی کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والے ملکی سا لمیت سے کھیلتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے کچھ لوگ اب بھی ایم کیو ایم کی پشت پناہی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ کھیل جاری رہا تو کراچی میں امن کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور وہی قاتل اور بھتا خور ایک بار پھر کراچی پر مسلط ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عجب تماشا ہے کہ میئر کراچی جیل سے بیٹھ کر ملک کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کو کنٹرول کریں گے اور تمام محکمے ان کی ہدایات لینے جیل کا طواف کیا کریں گے۔