حیدر آباد پاکستان واپڈا ورکرز یونین کا یوم مطالبات پر مظاہرہ

118

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی جانب سے یوم مطالبات منایا گیا، ملک بھر میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ حیدرآباد میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے کہا کہ بجلی کی چوری اور اس کی کمی، لوڈ شیڈنگ ، مہنگی بجلی، اضافی بل اور سیاسی مداخلت ادارے کی ترقی میں رکاوٹ ہے، منسٹریل اسٹاف کی طرح تمام ملازمین کے پے اسکیل مہنگائی کے تناسب سے بڑھائے جائیں، ادارے میں جعلی بھریتوں کو منسوخ کرکے مرحوم ،ریٹائرڈ ملازمین اور حاضر سروس ملازمین کے بچوں کو نوکریاں فراہم کی جائیں، ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ بجلی چوری کے خاتمے کے لیے ملازمین کو تحفظ، ان کے ساتھ غیر مساویانہ اور اجنبیوں جیسا سلوک بند کیا جائے ، ملازمین کی خوشحالی میں ہی ادارے کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین یارڈ اسٹک کے مطابق کام لینے کے بجائے ان پر دباؤ بڑھادیا گیا ہے جس کے باعث وہ نہ صرف بیمار ہورہے ہیں بلکہ ڈپریشن کا شکار ہیں اور اس مہنگائی کے دور میں ملازمین قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں، ان کے خلاف ناحق چارج شیٹ اور لیٹر جاری کیے جارہے ہیں۔ دوران کام ان کو تحفظ نہیں دیا جارہا ہے۔ حکومت نے تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ کرکے مہنگائی کے جن کو آزاد کردیا ہے۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اقبال احمد قائم خانی، اقبال احمد خان، ملک سلطان، اعظم خان، رفیع الدین شاہ، حنیف خان ودیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ جہانگیر چنا، عابد شاہ، عبدالکریم، عبدالسلام راجپوت، صفدر صدیقی، اکرم، سلیم سیال اور مہراللہ ودیگر بھی موجود تھے۔