سندھ ہائی کورٹ نے لا پتا افراد کی بازیابی سے متعلق 26ستمبر کے لیے نوٹس جاری

193

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے لا پتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر ڈی جی رینجرز، سیکرٹری دا خلہ ،آئی جی سندھ سمیت دیگر مدعاعلیہان کو 26ستمبر کے لیے نوٹس جاری کر دیے ہیں اور آئند ہ سماعت پر جواب داخل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔جمعہ کو2رکنی بینچ نے محمدشاہد،عامر،ماجدعلی اور حْسن عالم کی بازیابی سے متعلق مسماہ قرہ العین ودیگر کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے اپنے وکلاکے توسط سے دائر کردہ آئینی درخواستوں میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے عزیز و اقارب محمدشاہد،عامر،ماجدعلی اور حْسن عالم کو مختلف اوقات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکارحراست میں لے کر گئے تھے جس کے بعد سے ان کے عزیز و اقارب کا کچھ اتا پتا نہیں ہے جبکہ وہ کسی بھی کرمنل سر گر میوں میں ملوث نہیں ہیں لہٰذ استدعا ہے کہ انہیں بازیاب کر وایا جائے۔