سٹی وارڈنزکومنظم کرکے فعال کیاجائے،ڈاکٹرارشدوہرہ

126

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ سٹی وارڈنز کو منظم اور فعال کرکے شہریوں کی خدمت اور خصوصاً ٹریفک کنٹرول پر مامور کیا جائے اور شہر میں ناگہانی آفات اور حادثات سے نمٹنے میں کردار ادا کرنے کے لیے ان کی عملی تربیت کی جائے۔ یہ بات انہوں نے محکمہ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ کی بریفنگ کے موقع پر محکمہ جاتی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سینئر ڈائریکٹر ڈیزاسسٹر مینجمنٹ رضا عباس رضوی، ڈائریکٹر سٹی وارڈن راجا رستم، ڈائریکٹر کنٹریکٹ اینڈ کوآرڈینیشن سید محمد شکیب، یو ایس ایس آر کے ٹیم لیڈر نعیم یوسف اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی میئرنے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو ہم سے بہت توقعات ہیں اور ہم جلد سے جلد ان کی توقعات پر پورا اترنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ( میں شامل فائر بریگیڈ ، اربن ریسکیو یونٹ، سیکورٹی فورس، سٹی وارڈنز، 1122 ایمبولینس سروس اور دیگر شعبہ جات کو جدید خطوط پر استوار ہونا چاہیے اور ان شعبہ جات سے وابستہ تمام ملازمین ڈیوٹی پر حاضر ہونے چاہییں تاکہ وہ شہریوں کی بروقت اور بہتر خدمت کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ ازخود سٹی وارڈنز کی حاضری چیک کریں گے اور کسی بھی طرح غیرحاضر ملازمین کے ساتھ رعایت نہیں کی جائے گی اور کسی سفارش یا دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ سٹی وارڈنز کا کام چوکیداری کرنا یا پروٹوکول ڈیوٹی انجام دینا نہیں ہے۔ انہیں شہر کی خدمت کے لیے ملازم رکھا گیا ہے اور ان سے یہی کام لیا جائے گا۔ اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر ڈیزاسسٹر مینجمنٹ رضا عباس رضوی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے محکمے میں 1250 سٹی وارڈنز فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سٹی وارڈنز کا تربیتی پروگرام جاری ہے اور 50 افراد پر مشتمل پہلا بیج اپنی تربیت مکمل کرچکا ہے جبکہ دوسرے بیج کو عید کے فوری بعد عملی تربیت کے لیے بھیجا جائے گا۔ ان افراد کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی، عمارات گرنے کی صورت میں قیمتی جانوں کو بچانا اور آگ لگ جانے کی صورت میں کم سے کم وقت میں مدد فراہم کرنا شامل ہے۔
ڈاکٹرارشدوہرہ