سید خورشید احمد شاہ نے مردان کچہری میں دہشت گردی کی شدید مذمت دی

185

اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے مردان کچہری میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن ہمار ی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھتا ہے اور آئے دن بے گناہ اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر اپنی درندگی کا اظہار کرتا ہے ، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے حکومت کو مزید مربوط اقدامات اٹھانے ہوں گے اور دہشت گردوں کا قلع قمع کرنا ہوگا جو اسلام اور پاکستان دشمنوں کے ایجنٹ بن کر ہمیں ناکام کرنا چاہتے ہیں ،دہشت گرد ی کے خاتمے کے معاملے پر حکومتی سست روی قبول نہیں اور اب ہم حکومت سے مزید وعدے نہیں بلکہ نتائج مانگتے ہیں اور حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی ذمے داریاں پوری کرے۔ایک بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ انہیں دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہے اور وہ شہدا کے لواحقین سے دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے پیچھے چھپے خفیہ ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ڈالے بغیر دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے سلسلے میں اپوزیشن نے تحفظات کے باوجود حکومت کا ساتھ دیا اورر اس حمایت کا مقصد دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا تھا لیکن اب نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے سلسلے میں سوالیہ نشان اٹھنے لگے ہیں اور حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے معاملے میں ناکام نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اور ان کی جماعت نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر اقدام کی حمایت کی ہے اور کرتے رہیں گے لیکن اب حکومت کو عملًاکچھ کر کے دکھانا ہوگا اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے معاملے پر ہم نے کبھی سیاست نہیں کی لیکن اب ہمیں اس معاملے پر حکومتی سست روی قبول نہیں اور اب ہم حکومت سے مزید وعدے نہیں بلکہ نتائج مانگتے ہیں اور حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی ذمے داریاں پوری کرے یا ان ذمے داریوں سے دست بردار ہو جائے۔