طلبہ کو اسلامی تہذیب سے روشناس کرانا ہمارا مقصد ہے

131

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) انجمن تعلیم اسلامی (رجسٹرڈ) حیدر آباد کے صدر ڈ اکٹر عبد الہادی تھیبو نے کہا ہے کہ ہما ری تنظیم کا مقصد غر یب اور متو سط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کے بچوں کو سستی اور معیاری تعلیم کے ساتھ اسلامی تہذیب سے روشناس کرانا ہے تاکہ طلبہ و طالبات اچھے طالبعلم کے ساتھ ساتھ اچھے مسلمان بھی بن سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ اسلامیہ ہائی اسکول میں انجمن تعلیم اسلامی کی تعلیمی کمیٹی کے ارکان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پروفیسر محمد اسلم کمبوہ، پروفیسر عبداللطیف انصاری، اصغر علی خان یوسف زئی اور دیگر ارکان بھی شریک تھے۔ ڈ اکٹر عبدالہادی تھیبو نے مزید کہا کہ ہم مختلف یونیورسٹیوں کے ماہرین تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف مذہبی اسکالرز کو لیکچرز کے لیے بلاتے ہیں تا کہ طلبہ اسکولوں کے طرز تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم بھی حاصل کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہی قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں جوکہ تعلیم کے میدان میں آگے ہوتی ہیں۔ جہاں اساتذہ بچوں کے روشن مستقبل اور معیار تعلیم کو بلند کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لاتے ہیں وہاں والدین کا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ وہ بھی اپنے بچوں کی تعلیم پر توجہ دیں اور انہیں پابندی سے اسکول بھیجیں۔ انہوں نے جامعہ اسلامیہ ہائی اسکول کے اساتذہ کی جانب سے تعلیم کے حوالے سے بچوں پر خاص توجہ دینے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ ان ہی کی محنت کا ثمر ہے کہ اسکول کے طلبہ تعلیمی بورڈ کے امتحانات میں اچھی پوزیشن حاصل کرتے ہیں۔