معروف قوال امجد فرید صابری کے قتل کے مرکزی ملزم نے اہم رازوں سے پردہ اٹھادیا

118

کراچی(اسٹاف رپورٹر)معروف قوال امجد فرید صابری کے قتل کے مرکزی ملزم نے اہم رازوں سے پردہ اٹھادیا،گرفتارملزم شہراز ملا نے انکشاف کیا ہے کہ اسے قتل کی ہدایات رابطہ کمیٹی کے رکن کی جانب سے نائن زیر و پر دی گئیں۔تفتیشی حکام کے ذرائع کے مطابق معروف قوال امجد فرید صابری کے قتل کی وجہ بھتا نکلیجبکہ شہزاد ملا ہی وہ ملزم تھا جس نے امجد صابری کے قتل کی منصوبہ بندی کی اور قاتلوں کی ٹیمیں تشکیل دیں۔15اور16جون کی درمیانی شب رابطہ کمیٹی کے ایک اہم رکن سے ملاقات کے بعد شہزاد ملا کوامجد صابری کے قتل کا ٹاسک دیا گیاجس کے بعد یونٹ 161لیاقت آباد سے متصل میدان میں امجد صابری کے قتل کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ملزم نے دوران تفتیش مزید بتایا کہ امجد صابری سے بھتے کی مد میں بھاری رقم طلب کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ معروف قوال امجد صابری کو22 جون کی سہ پہر لیاقت آباد میں موت کے گھاٹ اتار دیا گیاتھا۔دوسری جانب کینٹ اسٹیشن کے علاقے سے بھی حساس ادارے نے سیاسی جماعت کے 2ٹارگٹ کلرز ندیم اور کامران کو حراست میں لیا ہے۔ ملزمان پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہیں‘ان سے بھی امجد صابری کے قتل سے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے۔