میرپورخاص،کروڑوں روپے کی لاگت سے زیر تعمیر سڑک پر بے قاعدگیوں کا انکشاف

129

13159یرپورخاص(نمائندہ جسارت)کروڑوں روپے کی لاگت سے زیر تعمیر سڑک میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کاا نکشاف ،زیر تعمیر سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اینٹی کرپشن کا ہائی ویز دفتر پر چھاپا ،ریکارڈ قبضے میں لیکر انکوائری شروع ،عملے میں بھگدڑ مچ گئی ۔تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میرواہ روڈ سے کوٹ غلام محمد وایا میرخالد کی لانڈھی 27.37کلومیٹر طویل سڑک 16کروڑ 20لاکھ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر ہے ، تعمیر میں ناقص میٹریل کے باعث زیر تعمیر روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا ہے ،اور کئی مقامات پر بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے ہیں ،اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سید مہدی علی شاہ نے عوامی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے تحریری خط کے ذریعے چیئر مین اینٹی کرپشن کو سڑک میں ناقص اور غیر معیاری میٹریل استعمال کرنے اور غیر معیاری تعمیرات پر انکوائری کی سفارش کی ہے ، جس پر چیئر مین اینٹی کرپشن کی ہدایت پر اینٹی کرپشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر میرپورخاص ڈویژن ذاکر حسین سموں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عطامحمد نظامانی ،سرکل آفیسر رزاق عباسی اور جوڈیشل مجسٹریٹ جڑیل راجپر کے ہمراہ محکمہ پروونشل ہائی وے میرپورخاص کے دفتر پر چھاپا مار کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے ،چھاپے کے باعث دفتر کے عملے میں بھگدڑ مچ گئی ،واضح رہے کہ مذکورہ سڑک کی تعمیرات میں انتہائی ناقص میٹریل کے استعمال سے تعمیرات جاری ہے جبکہ پیچھے روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا ہے ،اینٹی کرپشن نے جملہ ریکارڈ قبضے میں لیکر انکوائری شروع کردی ہے ۔