ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے بعد پاکستان تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت میں تبدیل ہو رہا ہے

145

اسلام آباد(اے پی پی) چیف کوآرڈینیٹر پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اعجاز اے کھوکھر نے کہا ہے کہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے بعد پاکستان تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت میں تبدیل ہو رہا ہے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے نے پاکستان سمیت خطے میں ترقی کے بے پناہ موقعوں کی نئی راہیں متعین کر دی۔ جمعہ کویہاں سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک نے دو دوست ممالک کے درمیان صنعتی تعاون کی نئی بنیادیں فراہم کی ہیں جس سے پاکستان میں اقتصادی استحکام اور ترقی کے لیے راہ ہموار ہو گئی ہے۔ انہوں نے نجی شعبے کو اعتماد میں لینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی زونز میں کاروباری مواقع کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کو سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اعجاز کھوکھر نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے چین کے چھوٹے کاروباری ادارے پاکستانی ایس ایم ایز کیساتھ منسلک ہو جائیں گے جس سے مواقع کی نئی دنیا کھل جائے گی۔انہوں نے موجودہ حکومت کی جانب سے ٹیکسٹائل کو اہم ترجیح قرار دینے کو سراہا اور کہا کہ حکومت نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کے لیے صحیح پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔