آل پاکستان چیلنج فٹ بال کپ 25 ستمبر سے شروع ہو گا

68

اسلام آباد (جسارت نیوز) خیبرپختونخوا فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پاکستان چیلنج فٹ بال کپ 25 ستمبر سے سنبل خان فٹ بال گراؤنڈ قیوم ا سپورٹس کمپلیکس پشاور میں شروع ہو گا۔ آرگنائزنگ سیکرٹری اور قومی ٹیم کے سابق کپتان باسط کمال نے بتایا ہے کہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر انتظامات پہلے ہی مکمل کر لئے گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ کے پی ایف اے پاکستان فٹ بال فیڈریشن اور ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس کے پی کے تعاون سے ٹورنامنٹ کا انعقاد کر رہی ہے، سابق وزیر صحت اور کے پی فٹ بال ایسوسی ایشن کے سابق صدر سید ظاہر علی شاہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں پی آئی اے، نیشنل بینک، کراچی پورٹ ٹرسٹ، کے آر ایل، پی اے ایف، پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان پولیس، ایس این جی پی ایل، فاٹا، چمن کلب کوئٹہ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور میزبان خیبرپختونخوا شامل ہیں۔