انقلاب کے بعد پہلی بار ایران کا تجارتی توازن مثبت ہوا ،ایرانی نائب وزیر خزانہ

95

اسلام آباد (اے پی پی) ایران کے نائب وزیر خزانہ سید حسین میرشجاعیان حسینی نے کہا ہے کہ انقلاب کے بعد پہلی بار ایران کا تجارتی توازن مثبت ہوا ہے۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق نائب وزیر خزانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ رواں شمسی سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران غیرپیٹرولیم برآمدات میں 10 فیصد اضافہ ہوا جبکہ درآمدات میں کمی واقع ہوئی۔ میرشجاعیان حسینی نے موجودہ حکومت کے برسراقتدار آنے اور ایٹمی معاہدے کے بعد ایران کے اقتصادی حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ 2015 میں عالمی بینک کے مطابق ایران کی فی کس آمدنی میں اضافہ ہوا اور اس سلسلے میں ایران کی پوزیشن91 سے 90 ہو گئی۔ایران کے نائب وزیر خزانہ نے کہا کہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے اعتبار سے موجودہ حکومت سے پہلے، ایران کا دنیا میں152 واں نمبر تھا جو اب 118ہو گیا ہے۔انھوں نے تیل کی پیداوار بڑھانے میں موجودہ حکومت کے اقدامات کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ گزشتہ سال بجٹ میں تیل کا حصہ33 فیصد تھا جو رواں سال کے پہلے پانچ مہینوں میں کم ہو کر بیس فیصد رہ گیا ہے جبکہ گزشتہ سال بجٹ میں ٹیکس کا حصہ 39 فیصد تھا جو رواں سال کے پہلے 4 ماہ میں بڑھ کر 57 فیصد ہو گیا ہے۔