بارش کے نقصانات پر پنجاب حکومت کے اعلانات نمائشی ہیں‘لیاقت بلوچ

59

لاہور(نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور سابق رکن قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بارشوں کے نقصانات پر پنجاب حکومت صرف نمائشی اعلانات کرتی ہے۔قومی وسائل نمائشی منصوبو ں پر نہ اڑائے جائیں،بنیادی انفرااسٹرکچر درست کیا جائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور میں مختلف علاقوں کا دورہ کرکے شدید بارش کے بعد سڑکوں ،نشیبی علاقوں میں سیلابی صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد عوامی اجتماعات سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ہر سال بارش کے موسم میں لاہور بدترین صورت حال سے دوچار ہوجاتاہے لیکن پنجاب حکومت وقتی اور نمائشی اعلانات کرکے خاموش ہوجاتی ہے۔پانی کا نکاس نہ ہونے سے سٹرکیں ٹوٹ پھوٹ جاتی ہیں۔گھروں اورآبادیوں کا بڑا نقصان ہوجاتا ہے۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں تمام بڑے شہروں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ،گندے پانی اور برساتی پانی کے نکاس کا انتظام کریں۔لیاقت بلوچ نے عوامی رابطہ دفتر میں عہدید اران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کا اہم ترین منصوبہ ہے۔پاکستان ،افغانستان اور چین کی دشمن قوتیں ترقی کے عظیم منصوبے کو ناکام کرنے کا ہر حربہ اختیار کررہی ہیں۔پاکستان کے اندرسیاسی اور معاشی حکمت عملی کا استحکام ناگزیر ہے۔تمام سیاسی اور جمہوری قوتیں قومی ترجیحات پر ایک موقف اختیار کریں۔وزیر اعظم نواز شریف راہداری پر پیدا ہونے والے تحفظات کو دور کریں اور بروقت اقدامات کریں۔لیاقت بلوچ نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری سید شاہد شبیر کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں میڈیا کے سوال کے جواب میں کہاکہ حکومتی نا اہلی ناکام پالیسیوں اور کرپشن پر احتساب سے فرارپر اپوزیشن کو پر امن احتجاج کا حق ہے۔