جماعت اسلامی اچھے ہوم ورک کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی،میاں اسلم

112

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی اچھے ہوم ورک کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی اور اس کے لیے بڑے پیمانے پر عوامی رابطہ مہم کا آغا ز کر دیا گیا ہے ، جماعت اسلامی غلبہ دین اور اقامت دین کی جدوجہد کررہی ہے ،اس تحریک کو پورے معاشرے میں چلتا پھرتا نظر آنا چاہیے جس کے لیے کار کنان عوام سے رابط مضبوط بنائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد کے اجتماع ارکان کے افتتاحی سیشن سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔اس مو قع پر امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان ،امیر جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر فارو ق خان اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہا کہ جماعت اسلامی تطہیر افکار اور تعمیر کردار کیذریعے معاشرے میں حقیقی تبدیلی لاناچا ہتی ہماری جدو جہد کا مقصد اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کا نفاذ ہے ۔انہوں نے کہا آج جماعت اسلامی کا انقلابی منشور گھر گھر پہنچ رہا ہے اب یہ عوام کی ذمے داری ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں ایسے لوگوں کو منتخب کریں جو اہل اور دیانت دار ہوں تاکہ ملک مسائل کے دلدل سے نکل سکے ۔مشتاق احمد خان نے کہا پاکستان میں جماعت اسلامی کا مستقبل انتہائی روشن اور شاندار ہے ان شاء اللہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر عوام کے دکھوں کا ازالہ کر ے گی ۔انہوں نے کہا ووٹ ایک امانت ہے اگر قوم مہنگائی ، بیروزگاری اور دہشت گردی جیسے مسائل سے نجات چاہتی ہے تو اپنے ووٹ کا درست استعمال کریں اور دیانت دار اور اہل قیادت کو ووٹ دے ۔زبیر فارو ق خان نے کہاکہ ہماری زندگی کا مقصد اقامت دین کی جدوجہد ہے ہمیں اپنی زندگی کو قرآن و حدیث کے سانچے میں ڈھالتے ہوئے غلبہ دین کی جدوجہد کواپنا مقصد حیات بناناہے۔انہوں نے کہا جما عت اسلامی ایک اعلیٰ پیغام لے کر طاغوتی نظام کے خلاف جدوجہد کررہی ہے، کارکنان اپنی رابطہ عوام مہم کو تیز کرتے ہو ئے گھر گھر جا کر جماعت اسلامی کے پیغام کولو گوں تک پہنچائیں۔