سندھ کی جانب سے وفاق کو اربوں روپے ٹیکس ادا نہ کرنے کا انکشاف

59

کراچی(رپورٹ:جے سید) سندھ کے سرکاری اداروں نے وفاق کے اربوں روپے کی ٹیکس ادائیگیاں روک لیں۔ ایف بی آر 3 سال سے ادائیگیوں کے لیے نوٹسز جاری کر رہا ہے۔ اس ضمن میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے بھی تعاون طلب کیا گیا تھالیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ ایف بی آر حکام نے صوبائی اداروں کو ٹیکسوں کی ادائیگی کے لیے نئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو بھی صوبائی محکموں سے ٹیکس ادائیگیاں یقینی بنانے کے لیے خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ3 سال سے صوبائی محکموں نے ایف بی آر کے ٹیکسوں کی ادائیگیوں کے لیے رقم مختص نہیں کی ۔ بعض اداروں کے حکام کا کہنا ہے کہ اداروں کے پاس ترقیاتی کاموں اور تنخواہوں کی ادائیگیوں کے لیے فنڈز نہیں ہیں جبکہ ایف بی آر ٹیکس پر ٹیکس لگا کر نوٹس جاری کر رہا ہے۔ سرکاری اداروں کے اعلیٰ حکام ایف بی آر کے نوٹسوں کو اہمیت نہ دے کر ان کا جواب بھی داخل نہیں کرتے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق ایف بی آر حکام پر سرکاری ٹیکسوں کو ختم کرنے کے لیے سیاسی دباؤ بھی آتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایف بی آر کے چیئرمین طارق باجوہ صوبائی وزیر سے بھی اس ضمن میں اجلاس کرچکے ہیں لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ ایف بی آر ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بعض صوبائی محکمے ریونیو جمع کرنے کے ذمے دار ہیں لیکن وفاقی ٹیکسوں کی ادائیگیاں نہیں کر رہے ہیں۔