شاہدپاشااورقمرمنصور کی درخواست پررینجرزافسرودیگرکونوٹس

62

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداددہشت گردی کی عدالت نے ریاست سے جنگ کرنے پر اکسانے ، ملک سے غداری کرنے سمیت سنگین نوعیت کے الزام میں گرفتار متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما شاہد پاشااور قمر منصور کی جانب سے جیل میں بی کلاس دینے اور مقدمے سے نام خارج کرنے سے متعلق درخواستوں پر رینجرز کے لا افسر ، تفتیشی افسر اور وکیل سرکار کو نوٹس جاری کردیے ہیں جبکہ عدالت نے فریقین سے آج جواب طلب کرلیا ہے۔ شاہد پاشا و دیگر کے وکلانے جیل میں بی کلاس دینے اور مقدمات سے نام خارج کرنے سے متعلق درخواستیں انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں دائر کی تھیں، مقدمے سے نام کے اخراج سے متعلق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ جس مقدمے میں درخواست گزار وں کو گرفتار کیا گیا ، درخواست گزار وہاں موجو دہی نہیں تھے ان پر بنایا جانے والا مقدمہ بے بنیاد ہے جبکہ بی کلاس کی درخواست میں ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار تعلیم یافتہ ہیں لہذااستدعا ہے کہ جیل اتھارٹی کو جیل میں بی کلاس کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے جس پر منتظم عدالت نے مذکورہ درخواست انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 8کو منتقل کر دی تھی۔ انسداد دہشت گردی کے جج اخلاق حسین لاڑک نے درخواستوں پر رینجرز کے لاء افسر ، تفتیشی افسر اور وکیل سرکار کو نوٹس جاری کردیے ہیں جبکہ عدالت نے فریقین سے آج جواب طلب کرلیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق ملزم شاہد پاشا پرتھانہ آرٹلری میدان میں متحدہ قائد کی نفرت انگیز تقریر کے جواب میں ملک کے خلاف نعرے لگانے ، ملک سے غداری کرنے سمیت دیگر الزامات میں 2 مقدمات درج ہیں۔