عمران کا کنٹینر لاہور پہنچ گیا

53

لاہور(آن لائن، نمائندہ جسارت)تحریک انصاف نے آج ہونے والے ’’پاکستان مارچ‘‘کی تیاریاں مکمل کرلیں، عمران خان کا کنٹینر لاہور پہنچا دیاگیا،کارکن شاہدرہ سے چیئرنگ کراس تک مارچ کریں گے۔پارٹی رہنماؤں کی جانب سے ’’پاکستان مارچ‘‘ کے روٹ پر بینرز اور تشہیری مواد لگایاگیا ہے۔ریلی کا آغاز آج شاہدرہ موڑ سے ہو گا‘عمران خان بذریعہ ہیلی کاپٹر شاہدرہ پہنچنے کے بعد کنٹینر پر مارچ کی قیادت کریں گے اور شاہدرہ چوک، بھاٹی چوک، ناصر باغ، جی پی اور چیئرنگ کراس میں مارچ کے شرکاسے خطاب اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے جبکہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر انتظامیہ اور لاہور پولیس نے مارچ سمیت فیصل چوک پر ہونے والے احتجاجی جلسے سے متعلق سیکورٹی پلان مرتب کرلیا ہے جس کے تحت لاہور پولیس کے تقریباً 3ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے ‘ سیکورٹی پلان کے تحت آج نا صرف پل دریائے راوی کو بڑے بڑے کنٹینرز لگاکر بند کیا جائیگا بلکہ فیصل چوک سمیت اس جانب آنیوالے راستوں کو بھی کنٹینرزلگا کر بند کیاجائیگا۔ سیکورٹی پلان کے تحت شاہدرہ سے فیصل چوک تک احتساب مارچ کے روٹ پر وائر لین لگانے اور احتساب مارچ کے راستے پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کومتبادل راستے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری طرف صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے خبر دار کیا ہے کہ شہر میں دہشت گردی کا خطرہ ہے لہٰذاعمران خان آج ہونے والی ریلی کو منسوخ کریں ۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے لاہورسے متعلق ریڈ الرٹ سے پی ٹی آئی رہنما عبدالقدیر خان اور ضلعی حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔لہٰذاانہیں چاہیے کہ وہ اپنے قائد عمران خان کو سمجھائیں کہ وہ اپنے احتجاجی پروگرام پر نظر ثانی کریں۔انہوں نے مزید کہاکہ آج ہونے والے احتجاج میں پی ٹی آئی نے ہمیں گالیاں او ر الزام تراشی ہی کرنی ہے وہ یہ کام عید کے بعد کرلیں۔ ایک طرف دہشت گرد اپنے کام پر لگے ہیں دوسری طرف آپ اپنے کام میں مصروف ہیں‘دونوں کا ایجنڈا پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں قائم کرنا ہے۔