قومی کھیلوں کا کوئٹہ میں انعقاد صوبے کے لئے اعزاز ہے،نواب ثناء اللہ خان زہری

76

کوئٹہ(جسارت نیوز ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی زیرصدارت منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کوئٹہ میں نیشنل گیمز کے انعقاد سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے بعض اہم
فیصلے کیے گئے۔ اسپیکر صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید درانی ، صوبائی وزیر کھیل میر مجیب الرحمان محمد حسنی، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، آئی جی پولیس احسن محبوب، جی او سی 33ڈویژن میجر جنرل اظہر نوید حیات ، سی او ایس سدرن کمانڈ میجر جنرل عدنان احمد نے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ قومی کھیلوں کا کوئٹہ میں انعقاد صوبے کے لیے ایک اعزاز ہے لہذا ان کھیلوں کے شایان شان اور احسن طریقے سے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا، جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ سرد موسم کے باعث کوئٹہ میں قومی کھیل نومبر کے بجائے آئندہ سال اپریل یا مئی میں منعقد کئے جائیں گے، اجلاس میں کھیلوں کے انعقاد کی تیاریوں اور انتظامات کی بروقت تکمیل اور دیگر تمام متعلقہ امور کی نگرانی کے لیے صوبائی وزیر کھیل میر مجیب الرحمان محمد حسنی کی سربراہی میں اسٹیرنگ کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا، جو پاکستان اسپورٹس بورڈ سے مکمل رابطے میں رہتے ہوئے کھیلوں کے بہترین انعقاد کو یقینی بنائے گی اور وقتاً فوقتاً وزیراعلیٰ بلوچستان سے راہنمائی بھی حاصل کرے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ قومی کھیلوں کے انعقاد کے انتظامات کی خود نگرانی کریں گے۔ یہ صوبے کے لیے بڑا اعزاز ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ مقررہ مدت کے اندر تمام انتظامات کو مکمل کر لیا جائے بالخصوص مہمان کھلاڑیوں کو طعام و قیام اور دیگر ضروری سہولتیں میسر ہوں جس سے صوبے کی نیک نامی میں اضافہ ہوسکے، انہوں نے صوبے کے کھلاڑیوں کے لیے ڈویژن اور ضلعی سطح پر تربیتی سہولتوں کی فراہم کی ہدایت بھی کی تاکہ وہ خود کو مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے تیار کر کے صوبے کا نام روشن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔