وزیراعظم آئندہ ہفتے آرمی چیف کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے

54

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم محمد نواز شریف رواں ماہ امریکا روانگی سے قبل چیف آف آرمی اسٹاف کے مستقبل کا فیصلہ کر یں گے، وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رواں ہفتے کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کرکے ان کے سامنے 2 آپشن رکھ دیے ہیں اور آرمی چیف کی جانب سے کسی ایک نکتہ پر اتفاق ہوتے ہی وزیراعظم نوٹیفکیشن جاری کر دیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آرمی چیف سے ملاقات کے دوران ان سے رائے مانگی ہے کہ اگر آپ فیلڈ مارشل بننا چاہیں تو حکومت فیلڈ مارشل بنانے کے لیے تیار ہے اور اگر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف بننا پسند کریں تو حکومت انہیں یہ عہدہ بھی دینے کو تیار ہے، وزیراعظم کی طرف سے دونوں رہنماؤں نے آرمی چیف کے ساتھ ہونے والی انتہائی رازدارانہ ملاقات میں اختیارات کے توازن پر بھی بات کی ہے تاہم آرمی چیف کی طرف سے حکومت کو تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے ۔معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف آئندہ چند دنوں میں حتمی فیصلہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ 13ستمبر کو امریکا روانگی سے قبل وہ طے کرجائیں کہ جنرل راحیل شریف کس عہدے پر فائز ہوں گے۔