پاکستان مارچ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں اور پانامالیکس کے کرپٹ کرداروں کے خلاف عوامی ریفرنڈم

91

لاہور(نمائندہ جسارت )پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ راولپنڈی کا آج کا قصاص و سا لمیت پاکستان مارچ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں اور پانامالیکس کے کرپٹ کرداروں کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہو گا۔ کرپشن اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کے خاتمے کے لیے پاناما لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کوانصاف کے تقاضوں کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا۔دہشت گردوں نے وکلا کو ٹارگٹ کیا،سانحہ کوئٹہ کے سہولت کار اور ذمے دار کٹہرے میں لائے جاتے تو مردان کا سانحہ پیش نہ آتا‘پاکستان کو لوٹنے والی قوتیں جس طرح اکٹھی ہیں اسی طرح پاکستان کو بچانے کے لیے محب وطن قوتوں اور عوام کو بھی یکجا ہونا ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹرطاہر القادری نے سینٹرل کور کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر طاہر القادری نے ٹیلیفون پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سے بھی گفتگو کی اور قصاص و سا لمیت پاکستان مارچ سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔شیخ رشید نے بتایا کہ قصاص وسالمیت پاکستان مارچ میں راولپنڈی کی سڑکوں پر لٹیروں اور قبضہ گروپ حکمرانوں کے خلاف عوام کا سمندرہوگاجبکہ تمام اپوزیشن جماعتوں کی بھرپور نمائندگی بھی ہوگی جوکہ حکمرانوں کے عوامی مواخذے کا سبب بنے گی۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے مطالبہ کیا کہ ایف آئی آر درج کرانے والے آرمی چیف ہمیں انصاف بھی دلوائیں۔اگر بے گناہوں کے خون کا قصاص نہ لیا گیا تو پھر کبھی کسی طاقتور قاتل حکمران کا کوئی بال بھی بیکا نہ کر سکے گا اور اقتدار کی ہوس میں اندھے حکمران اپنی سیاست کے لیے کمزوروں کی جانیں لیتے رہیں گے۔