کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بجلی کے اچانک بریک ڈاؤن

91

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بجلی کے اچانک بریک ڈاؤن نے ائرپورٹ پر موجود لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی تاہم کچھ دیر میں بجلی بحال ہوگئی ۔ذرائع کے مطابق جمعہ کی شب کراچی کا جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ اندھیرے میں ڈوب گیا ‘عمارت اور اطراف کے علاقوں میں بھی اندھیرا چھا گیا۔ائرپورٹ کی لائٹس اور سسٹم کے بند ہونے کے باعث وہاں موجود لوگ خوف کا شکار ہوگئے اور ایک دوسرے سے بجلی جانے کی وجوہات معلوم کرتے ہوئے نظر آئے ۔بجلی کی بندش کے باعث ائرپورٹ پر افواہوں کا بازار گرم ہوگیا اورمردان میں ہونے والے بم دھماکے کے باعث لوگ اس خدشے سے بھی دوچار ہوگئے کہ کہیں یہ دہشت گردوں کی کوئی کارروائی تو نہیں ہے ۔ذرائع کاکہنا ہے کہ اس پراسرار کیفیت کے باعث ائرپورٹ پر موجود کچھ لوگ افراتفری کے عالم میں وہاں سے بھاگتے ہوئے نظر آئے تاہم کچھ دیر بعد ائرپورٹ پر بجلی بحال ہوگئی لیکن اس بریک ڈاؤن کی تاحال وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں ۔ اس سے متعلق سول ایوی ایشن حکام کا کہناہے کہ بجلی کی فراہمی کے الیکٹرک کے کسی فالٹ کی وجہ سے بند ہوئی تاہم ائرپورٹ پر موجود اسٹینڈ بائی جنریٹر سے فوری طور پر بجلی کی فراہمی کو ممکن بنا یا گیاجبکہ کچھ دیر بعد ہی کے الیکٹر ک نے بھی بجلی بحال کردی ۔