آسڑیلوی ٹینس سٹار پر 10 ہزار ڈالر جرمانہ عائد

191

ٹینس کے بیڈ بوائے آسٹریلیا کے برنارڈ ٹامک کا رویہ ان کے لئے ایک بار پھر پریشانی کا سبب بن گیا، یو ایس اوپن میں انہیں کھیل کے دوران تماشائی سے الجھنے پر10 ہزار ڈالرکا جرمانہ عائد کر دیا گیا

سال کے آخری گرینڈ سلم میں پہلے ہی راؤنڈ میں بوسنیا سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر72 دمیر زمہور کے خلاف اپ سیٹ شکست کے بعد ٹامک کو تماشائیوں کیخلاف نازیبا زبان استعمال کرتے دیکھا گیا تھا۔تاہم انہوں نے اپنے رویے پر معافی مانگ لی تھی، لیکن ان کی معذرت کام نہیں آئی اور ان پر ٹورنامنٹ میں اب تک کا سب سے زیادہ جرمانہ لگادیا گیا۔ رقم ان کی میچ فیس سے کاٹ لی جائے گی۔

خیال رہے کہ یوایس اوپن کے مین ڈرا میں اب تک ٹورنامنٹ حکام نے 15مختلف الزامات میں جرمانے لگائے ہیں۔ٹورنامنٹ کے ابتدائی 3دن میں حکام نے مختلف کھلاڑیوں پر ریکٹ توڑنے، کھیل روح کے منافی برتاؤ اور بدزبانی جیسے الزامات پرمختلف کھلاڑیوں پر مجموعی طور پر 35,600 ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے۔