وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ الطاف حسین غدار وطن ہے اسے پاکستان لا کر عبر تناک سزا دی جائے ، عمران خان کے احتجاج سے وزیراعظم کو فر ق نہیں پڑے گا ۔
ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے پاکستان کے خلاف زہر فشانی کی ہے ، زہر اگلنے پر اس کو پاکستان بلا کر عبرتناک سزا دینی چاہیے ، ہمیں یقین ہے کہ برطانوی حکومت اس معاملے پر ہماری پوری مدد کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کے احتجاج سے وزیراعظم کو کوئی فرق نہیں پڑتا پاکستان ترقی رہا ہے جسے روکنے کے لئے دھرنے دیئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے والے پاکستان کی قسمت کو کھوٹا کرنا چاہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اپنی سوچ کرپٹ ہے اس لئے اس کو سب کرپٹ نظر آتے ہیں ، آج یہ نوبت آگئی ہے کہ عمران خان ’’ق لیگ ‘‘ اور پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر کرپشن کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں ، یہ اس قوم کے ساتھ مذاق کرنے والی بات ہے ۔