wوزیراعظم نے ایسٹن لاہور بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا،علامہ اقبال ائیرپورٹ کے نئے ڈیزائن کی منظوری

194

کالاشاہ کاکو( خبرایجنسیاں )وزیراعظم نوازشریف نے 16.5کلومیٹر طویل ایسٹرن لاہور بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔6لین پر مشتمل یہ بائی پاس نیازی لاہور رنگ روڈ پر واقع محمود بوٹی انٹر چینج سے شروع ہو کر جی ٹی روڈ اور لاہور، اسلام آباد موٹر وے پر ختم ہوگا، ہر لین کی چوڑائی 3.65میٹر اور بیرونی شولڈر 3 میٹر ہوگا، بائی پاس پر رفتار کی حد 120کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی،اس بائی پاس کے قیام سے مشرقی اورجنوبی لاہور میں ٹریفک کا بہاؤبہتر ہوگا، اس منصوبے پر 28ارب روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کی افتتاحی تقریب کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہماری نظر ہر شعبے پر ہے اور پچھلے 3 سال کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کی یہی رفتار رہی تو بہت جلد غربت اور بے روزگای کا خاتمہ ہوجائے گا۔وزیراعظم کے بقول پنڈی کا ایک سیاستدان کبھی مارچ کی تاریخ دیتا ہے ، کبھی اگست کی اور کبھی نومبر کی ، وہ ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر طوطے کی طرح فال نکالتا رہتا ہے ، اسے تاریخیں دیتے ہوئے ساڑھے 3برس گزر گئے ہیں، باقی ڈیرھ سال بھی گزرجائیں گے، اس سے کہتا ہوں الیکشن کی تیاری کرو، تم اگلی بار اسمبلی کے رکن بھی نہیں بن سکو گے ، الیکشن میں ڈیڑھ سال رہ گیا ، اگلے 5سال بھی ن لیگ کو ملیں گے، کالا شاہ کاکو والوں کو چار پانچ تحفے اکٹھے پیش کر رہا ہوں۔نواز شریف کا کہنا تھاکہ اقتدار کی نہیں اقدار کی سیاست کرتے ہیں ، ہم تہمت نہیں لگاتے الزام تراشی نہیں کرتے، یہ نہیں کرتے کہ صبح کچھ کہہ رہے ہوں اور شام کچھ کہہ رہے ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ 5سال پہلے جگہ جگہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرے ہوتے تھے ،اگلے سال لوڈ شیڈنگ مزید کم ہوگی اور 2018ء میں ختم ہوجائے گی۔علاوہ ازیں اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ایوی ایشن امور سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو بنوں، مانسہرہ اور نیواسلام آباد انٹرنیشنل ائر پورٹ سمیت ملک بھر میں زیر تعمیر ہوائی اڈوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیو اسلام آباد ائر پورٹ کی تعمیر کا 82فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، ائرپورٹ کو پانی رمنا اور کسانا ڈیم سے فراہم کیا جائے گا اور اس کا ڈیزائن ہسپانوی اور مغل طرز کا شاہکار ہو گا۔اس موقع پروزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں تمام معیارات کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ نوازشریف نے منصوبوں کو مکمل کرنے میں بین الاقوامی معیار کو سختی سے مدنظر رکھنے کی ہدایت کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کے نئے ڈیزائن کی بھی منظوری دے دی ۔