سندھ حکومت نے ان افسروں اور اہلکاروں کی فہرست طلب کر لیجنہوں نے نیب کو کرپشن اور خورد برد کی رقم رضا کارانہ طور پر واپس کر دی ہے

300

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ حکومت نے ان افسروں اور اہلکاروں کی فہرست طلب کر لی ہے ، جنہوں نے نیب کو کرپشن اور خورد برد کی رقم رضا کارانہ طور پر واپس کر دی ہے ۔ اس ضمن میں محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ( ایس اینڈ جی اے ڈی ) سندھ کی طرف سے تمام انتظامی محکموں کے سربراہوں اور آئی جی سندھ کو لکھے گئے خطوط میں ان سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیب کو رضا کارانہ طور پر رقم واپس کرنے والے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کی گئی کارروائی کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے ۔ واضح رہے کہ یہ خطوط سندھ ہائیکورٹ کے حکم مورخہ 21 جولائی 2016ء پر جاری کیے گئے ہیں ۔ سندھ ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری سندھ ، ایڈووکیٹ جنرل سندھ ، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی اور سیکرٹری محکمہ خزانہ کو نوٹس بھیجے تھے اور ان سے ایسے افسروں اور اہلکاروں کی فہرست طلب کی تھی ، جنہوں نے کرپشن اور خورد برد کی رقم رضاکارانہ طور پر واپس کرنے کے موقع کا فائدہ اٹھایا تھا ۔ حکومت سندھ کی طرف سے بھیجے گئے خطوط میں یہ بھی استفسار کیا گیا ہے کہ ایسے افسران اور اہلکار کن اسامیوں پر تعینات ہیں اور مبینہ کرپشن میں ان کے ملوث ہونے پر کیا محکمہ جاتی کارروائی کی گئی ہے ۔