مردان دھماکے میں قیمتی جانوں کاضیاع انتہائی افسوسناک ہے،میاں مقصود

118

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے مردان میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مردان دھماکے میں قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوس ناک ہے۔ مسلسل دہشتگردی کے واقعات کارونما ہوناحکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے کہاکہ ناکام پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی آزادی،خودمختاری اور سلامتی داؤپر لگ چکی ہے۔دشمن نہیں چاہتے کہ پاکستان میں امن قائم ہو۔ خود کش حملے میں بیرونی ہاتھ کو خارج از امکان قرارنہیں دیا جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں راء،موساد اور سی آئی اے دہشت گردی پھیلا رہی ہیں۔پائیدار امن کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کوملک سے را،موساد اور سی آئی اے کے نیٹ ورک کاقلع قمع کرنا ہوگا۔انہو ں نے کہاکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دشمن قوتیں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام بنانے کی کوششیں کررہی ہیں۔مردان میں ہونے والا دہشتگردی کاواقعہ اسی سازش کا حصہ ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے ۔حکومت پاکستان ایسی پالیسیاں بنائے جن سے ملک اورعوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔میاں مقصود احمد نے سانحہ مردان میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کی مالی امدادکرے اورزخمی ہونے والے افراد کوبہترطبی سہولیات فراہم کرے۔