میونسپل کمیٹی ٹنڈوجام کے چیئر مین ایکشن میں، بلد یہ دفتر پر چھاپا

85

ٹنڈوجام(نمائندہ جسارت)میونسپل کمیٹی ٹنڈوجام کے چیئر مین ایکشن میں آگئے، بلد یہ دفتر پر چھاپا، غیر حاضر ملازمین کو نوٹس جاری کر دیے گھوسٹ ملازمین کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا ملازمین وقت پر آفس آئیں اور وقت پر گھر جائیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈوجام میو نسپل کمیٹی کے نو منتخب چیئر مین میر خان محمد جب پہلے دن اپنے دفتر پہنچے تو بلدیہ آفس ٹنڈوجام کے 172 ملازمین میں سے 98 ملازمین کو غیر حاضر پایا جس پر انہوں نے سخت بر ہمی کا اظہار کر تے ہو ئے غیر حاضر ملازمین کو نوٹس جاری کیے کہ وہ دفتر میں کیوں نہیں تھے چیئر مین نے جب ملازمین کی حاضری رجسٹرچیک کیا تو اسے بھی نامکمل پایا۔ انہوں نے ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب آرام کا وقت گزر چکا ہے اب کام کا وقت ہے اور کام کے وقت میں کو ئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور نہ کسی گھوسٹ ملازم کو برداشت کیا جائے گا صبح 8 بجے ڈیوٹی پر آئیں اور شام 5 بجے تک اپنی پوری ڈیوٹی کر کے جائیں۔ نومنتخب چیئر مین نے جب سیوریج پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کیا تو وہاں پر 39 ملازمین میں سے صرف ایک کو حاضر پایا۔ اس موقع پرانہوں نے غیر حاضر ملازمین کو نوٹس جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ کو ئی کام ہی نہیں کر رہا تھا جس کی وجہ سے پورا شہر گندگی کا ڈھیر بن گیا۔ انہوں کہا کہ ہم عوام کے ساتھ مل کر اب اس گندگی کوصاف کر کے ٹنڈوجام کو خوب صورت شہر بنائیں گے۔