وفاقی وزیر اطلاعا ت ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت صحافی برداری کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم

110

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعا ت ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت صحافی برداری کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے، میڈیا اور ورکرز کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، صوبائی حکام بھی اپنے صوبوں میں اسی طرز پر سیکورٹی کے اقدامات کریں، وفاقی پولیس صوبائی وزارت داخلہ کے محکموں کی معاونت کرے، وفاقی پولیس صوبوں کو پینک بٹن نظام سے متعلق ماہرانہ معاونت دے، ایسے میڈیا ہاؤسز کی نشاندہی بھی کی جائے جو اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہے۔وہ جمعہ کو وزارت اطلاعات کی وزارتی کمیٹی کے چھٹے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے،اجلاس میں میڈیا ہاؤسز اور میڈیا کے نمائندوں کی حفاظت سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا،اجلاس میں وزیر مملکت بلیغ الرحمان، وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے بھی شرکت کی،اجلاس میں وزارت اطلاعات کے حکام، پی بی اے، اے پی این ایس، نیشنل پریس کلب اور سی پی این ای کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات نے میڈیا ہاؤسز اور نمائندوں کی حفاظت کے لیے سیکورٹی مضبوط بنانے پر مشاورت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے وزارت اطلاعات کے حکام نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کا بل 2016 ء تیاری کے مرحلے میں ہے، بل میں صحافیوں کے مطالبات کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا، بل میں انڈوومنٹ فنڈ، جانی نقصان اور زخمی ہونے کی صورت میں معاوضے کی ادائیگی کی اسکیمیں شامل کی جارہی ہیں، میڈیا انڈسٹری کی پائیدار ترقی اور اسکی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جائے گا، اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے میڈیا ہاؤسز کے تحفظ سے متعلق اقدامات کو سراہا،وفاقی وزیر اطلاعات نے محسن شاہ نواز رانجھا کی زیر سرپرستی ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی،ذیلی کمیٹی ،کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کرے گی۔اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے صحافیوں کو اپنی حفاظت اور خراب حالات میں رپورٹنگ پر ورکشاپ کرانے کی ہدایت بھی کی ،اجلاس میں میڈیا ہاؤسز اور میڈیا کے نمائندوں کی سیکورٹی سے متعلق معاملات زیر غور آئے،کوئٹہ اور کراچی میں میڈیا ہاؤسز پر حملے اور اسکے محرکات پر بھی غور کیا گیا۔