***۔۔۔۔۔۔ رحیم یار خان ۔۔۔۔۔۔***

116

رحیم یارخان(نمائندہ جسارت)پاکستان تحریک انصاف اقلیتی ونگ کے رہنما کامران پریہار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدر نواب اسحاق خاں خاکوانی نے میاں غوث محمد کو ضلعی صدر نامزد کر کے کارکنوں کی امنگوں کی ترجمانی کی ہے، سیاسی جماعتوں میں اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہوتا ہے ،پاکستان تحریک انصاف ذاتی مفادات کی بجائے ملک و ملت کے وسیع تر مفادات کے لئے کام کر رہی ہے ،ضلعی صدر پی ٹی آئی رحیم یارخان تمام تر تعصبات سے بالاتر ہو کر ضلع میں پارٹی کو منظم اور متحد کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک و قوم کے بقاء و استحکام کی جنگ لڑ رہی ہے ، وطن عزیز اور اس میں بسنے والے عوام کو چوروں لٹیروں اور کرپٹ مافیا سے نجات دلانے کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان متحد ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر نواب اسحاق خاں خاکوانی نے میاں غوث محمد کو ضلعی صدر اور شاہد طالب کو جنرل سیکرٹری نامزد کر اپنی مدبرانہ سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی صدر پی ٹی آئی میاں غوث محمد تمام ترلسانی، نسلی، مسلکی ، ذات پات اور برادری ازم سے بالاتر ہو کر ضلع میں پاکستان تحریک انصاف کو منظم کرنے کے لئے نئے و پرانے ورکرز کومتحد کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری ملکی ترقی ، بقاء و استحکام کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پارٹی کو مضبوط بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پرانے ورکرز پارٹی کا اثاثہ ہیں جن کی خدمات اور اہمیت کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا**ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹی ڈی اے پی) نے متحدہ عرب امارات میں 22جنوری2017ء سے شروع ہونے والی تین روزہ عالمی تجارتی نمائش میں شرکت کے خواہشمندوں سے 22 ستمبر تک درخواستیں طلب کر لیں۔ ٹی ڈی اے پی کی جانب سے آئندہ سال 22 تا 24 جنوری 2017ء میں متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والی عالمی تجارتی نمائش ’’انٹرسیک2017ء‘‘ میں شرکت کے خواہشمندوں سے 22 ستمبر 2016ء تک درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ عالمی تجارتی نمائش میں شرکت اور نمائش کے لئے پیش کی جانے والی اشیاء کی معلومات کے حصول کے لئے خواہشمند افراد ادارے کی ویب سائٹ کا وزٹ کر سکتے ہیں**پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے پارٹنر اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں پر جسمانی تشدد کرنے پر پابندی عائد کر دی ، طالبعلموں کی حاضری ہر ماہ کی 5 تاریخ کو بھجوانے کی ہدایت، مراسلے جاری کر دئیے گئے۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اعلیٰ حکام نے صوبہ بھر کے پارٹنر اسکولوں کو جاری کردہ مراسلے میں سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ زیر تعلیم طالبعلموں پر جسمانی تشدد سے گرید کریں، پارٹنر اسکولوں میں زیر تعلیم ووچر والے بچوں سے کسی بھی مد میں اضافی رقم کے حصول پر مکمل پابندی عائد ہے جبکہ طلباء کی حاضری ہر ماہ کی 5 تاریخ تک بھجوائی جائے تاکہ انہیں بروقت وظائف کی ادائیگی ممکن بنائی جا سکے**آئی جی پنجاب نے پولیس کی وردی کا رنگ تبدیل کرنے کی سمری منظوری کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی۔ آئی جی پنجاب پولیس کی جانب سے پولیس کے موجودہ یونیفارم کالی شرٹ اور خاکی پینٹ کا رنگ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس سلسلہ میں محکمہ پولیس کے مختلف افسران سے نئے رنگ کی یونیفارم بارے تجاویز بھی طلب کی گئی تھیں جس کے بعد اب پنجاب پولیس کی وردی کے لئے ہلکے سبز رنگ کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ پنجاب پولیس کے یونیفارم کا رنگ تبدیل کرنے کی منظوری کی سمری تیار کر کے وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے**وفاقی وزارت خزانہ نے فارن کرنسی اکاؤنٹس پروٹیکشن آرڈیننس میں ترمیم کا فیصلہ کر لیا، بلااجازت بیرون ملک رقوم بھیجنے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ فیڈرل فنانس ڈیپارٹمنٹ آف پاکستان نے فارن کرنسی اکاؤنٹس پروٹیکشن آرڈیننس 2001ء میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے ۔ موجودہ آرڈیننس کے مطابق کوئی بھی شخص پاکستان سے بیرون ملک بلاروک ٹوک جتنی رقم چاہے بیرون ملک بھیج سکتا ہے اور اس پر کوئی ایسی پابندی عائد نہیں کہ وہ رقم بھجوانے کے مقاصد سے متعلقہ حکام کوآگاہ کرے جس کے تناظر میں وفاقی وزارت خزانہ کے حکام نے فارن کرنسی اکاؤنٹس پروٹیکشن آرڈیننس 2001ء میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے جس میں ترمیم کے بعد کوئی بھی شہری بلااجازت بیرون ملک رقوم نہیں بھجوا سکے گااور بیرون ملک رقم بھیجنے کی صورت میں مقاصد سے بھی آگاہ کرنے کا پابند ہو گا**صوبائی حکومت نے گورنمنٹ سرونٹس کو گرانٹس کی ادائیگی کے لئے بینوولنٹ فنڈکارڈز جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پنجاب گورنمنٹ سرونٹس بینوولنٹ فنڈز کے اعلیٰ حکام نے بینک آف پنجاب کے تعاون سے سرکاری ملازمین کو گرانٹس کی ادائیگی کے لئے بینوولنٹ فنڈکارڈز کے اجراء کا فیصلہ کیا ہے ، بینوولنٹ فنڈکارڈز بینک آف پنجاب کی تمام برانچز اور فرنچائز سروس سنٹرز اور اے ٹی ایمز پر کارآمد ہوں گے **لوکل گورنمنٹ پنجاب نے صوبہ بھر کے ڈی سی اوز کو نئے بلدیاتی سیٹ اپ کے قیام کی غرض سے لوکل گورنمنٹ کی عمارتیں خالی کرانے کے احکامات جاری کر دئیے ، مراسلے ارسال کردئیے گئے۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کے حکام کی جانب سے صوبہ بھر کے ڈی سی اوز کو جاری کردہ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ لوکل گورنمنٹ کے انتخابات کی تکمیل کے بعد جلد نیا سیٹ اپ شروع ہو جائے گا اور لوکل گورنمنٹ کے نمائندے اپنے دفاتر سنبھال لیں گے لہٰذا ہدایت کی جاتی ہے کہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشنزکے زیر استعمال لوکل گورنمنٹ کی عمارتیں فوری طور پر خالی کرائی جائیں جبکہ بورڈ آف ریونیو پنجاب کی جانب سے ان عمارتوں کی تزئین و آرائش کے لئے فنڈز کا اجراء بھی کر دیا گیا ہے جن کو فوری طور پراستعمال میں لا کر خالی کرائی جانے والی لوکل گورنمنٹ کی عمارتوں کی تعمیر و مرمت یقینی بنائی جائے**ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے پنجاب پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے 1 ارب 35 کروڑ روپے کی لاگت سے نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کر لیا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے پنجاب پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی غرض سے رواں سال کے دوران 1 ارب 35 کروڑ روپے کی لاگت سے نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کی خریداری کے بعد ان گاڑیوں کو صوبہ بھر کے اضلاع کی پولیس میں تقسیم کر دیا جائے گا**وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر کی کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق فراہم کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ، متعلقہ حکام کو مراسلے جاری کردئیے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں متعلقہ حکام کو جاری کردہ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ دیہی کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دئیے جانے کے اختیارات اسسٹنٹ کمشنرز کو تفویض کر دئیے گئے ہیں جبکہ شہری کچی آبادیوں کے مالکانہ حقوق دئیے جانے کے اختیارات ٹی ایم ایز کو سونپے گئے ہیں ، کچی آبادیوں کو تین درجات میں تقسیم کیا گیا ہے تاہم پانچ مرلہ یا کم اراضی پر جن مالکان نے زمین کی قیمت پہلے ادا کر دی ہے انہیں فوری طور پرمالکانہ حقوق فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔