بائیو میٹرک کی آڑ میں اساتذہ کی تنخواہیں بند کی جارہی ہیں

130

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) پ ٹ الف تعلقہ ٹنڈو آدم کے صدر لکھا ڈنو خاصخیلی، غلام رسول بجورو، لیاقت علی اور دیگر نے تعلقہ قنبر کے استاد جمیل ابڑو کی جانب سے خودکشی کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بائیو میٹرک کی آڑ میں اساتذہ کی تنخواہیں بند کرکے انہیں معاشی پریشانی میں مبتلا کر کے خودکشیوں پر مجبور کیا جارہا ہے۔ قنبر کا واقعہ سیکرٹری تعلیم اور افسران بالا کے منہ پر تمانچہ ہے۔ کرپٹ بیورو کریسی تعلقہ سطح سے لے کر اوپر تک اپنے پیٹ بھرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لے کر سندھ میں اساتذہ کی بند تنخواہیں کھول کر انہیں معاشی پریشانی سے نجات دلائیں۔ اس موقع پر ٹنڈو آدم کے اساتذہ نے تعلقہ قنبر کے استاد جمیل ابڑو کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔