جی 20 کا سربراہ اجلاس آج شروع ہوگا‘ عالمی رہنما چین پہنچ گئے

73

بیجنگ ( مانیٹرنگ ڈیسک )جی20 کا سربراہ اجلاس آج اتوار سے چین کے شہر ہینگ زہو میں شروع ہوگا ، اجلاس میں شرکت کیلیے امریکی صدر بارک اوباما ،اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ،کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو، اطالوی وزیر اعظم میٹیو رینزی اور ترک صدر رجب طیب اردگان بیجنگ پہنچ گئے ۔اجلاس
سے قبل چینی صدر ژی جن پنگ اور ترک صدر رجب طیب اردگان کے درمیان دو طرفہ امور پر ملاقات ہوئی۔ عالمی سربراہوں کی ہینگ زہو آمد پر سیکورٹی کے انتظامات انتہائی سخت ہیں۔ سڑکیں سنسان،دکانیں بند ہیں ،اجلاس کے مقام کے نزدیک فیکٹریاں اور پاور اسٹیشن بھی بند کردیے گئے ہیں۔اجلاس سے قبل امریکی صدر کی اپنے چینی ہم منصب شی جنپنگ سے ملاقات بھی طے ہے ۔اتوار اور پیر کو اس کانفرنس کے بعد امریکی صدر منگل سے جمعرات تک لاس میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم اور مشرقی ایشیا کی کانفرنسز میں شریک ہوں گے ۔اوباما کا بطور امریکی صدر ایشیا کا یہ گیارہواں دورہ ہے اور جی 20 کی کانفرنس میں انہیں متعدد مشکل معاملات کا سامنا رہے گا جہاں دنیا کی20 بڑی معیشتوں پر مشتمل ممالک کے رہنما سست عالمی معیشت کو فروغ دینے کے معاملے پر بھی بحث اور وہ موسمیاتی تبدیلوں کے خلاف بھی آواز اٹھائیں گے ۔