ٹنڈو آدم بجلی چوری میں ملوث پاور لومز فیکٹریوں پر حیسکو کے چھاپے

119

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) حیسکو ٹیم کے پاور لومز فیکٹریوں پر چھاپے 71 پاور لومز فیکٹری مالکان غیر قانونی بجلی استعمال کررہے تھے، 34 پاور لومز فیکٹریوں پر 35 لاکھ 32 ہزار 6 سو روپے جرمانہ، بقیہ فیکٹریوں کے خلاف تحقیقات کے حکم پر ڈپٹی ڈائریکٹر حیسکو عزیر احمد بھٹو کی سربراہی میں سروس اینڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے حیسکو سب ڈویژن اوڈیرو لعل ایٹ ٹنڈو آدم میں چلنے والی پاور لومز فیکٹریوں پر چھاپے مارے، جن میں 71 پاور لومز فیکٹری مالکان غیر قانونی بجلی استعمال کرنے میں ملوث نکلے، جن میں سے 34 پاور لومز فیکٹری مالکان پر 35 لاکھ 32 ہزار 6 سو روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 11 کنکشنوں پر لوڈ بڑھا ہوا تھا جنہیں اپنا نیا ٹرانسفارمر لگوانے کے لیے نوٹس جاری کیے گئے۔ باقی 26 صارفین کے کیسوں کا جائزہ لیا جارہا ہے، ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ دوسری جانب بجلی چوری میں ملوث ایس ڈی او اوڈیرو لعل منیر احمد پنہور کو معطل کرکے ہیڈ کوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دیگر ملازمین جو بجلی چوری میں ملوث ہیں ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ ٹنڈو آدم کے شہریوں نے حیسکو چیف اسد اللہ درانی، ایس ای نوابشاہ ملک امتیاز احمد کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن رینجرز کی مدد سے کریں تاکہ بجلی چوروں کے ناجائز یونٹوں کا بوجھ غریب صارفین کو نہ اٹھانا پڑے اور بجلی کی ناجائز لوڈ شیڈنگ، ٹرانسفارمروں کی خرابی، وولٹیج کی کمی اور دیگر مسائل سے نجات مل سکے۔