پولیس اپنے اختیارات عوامی خدمت کے لیے استعمال کرے، آئی جی

117

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ پولیس اللہ ڈنوخواجہ نے اپنے آفس میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے پولیس افسران کو تلقین کی ہے کہ محکمے کے تحت تفویض کردہ اختیارات کو عین عوامی خدمت کے تناظر میں انجام دینا نا صرف قانونی تقاضا ہے بلکہ بحیثیت پولیس افسر آپ کے فرائض منصبی میں انتہائی اہمیت کا حامل بھی ہے، پولیس دربار میں حال ہی میں ترقی پا کر ڈی ایس پی بننے والے پولیس افسران سمیت ترقی پانے والے پولیس اہلکاروں نے شرکت کی اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر, ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی, ایڈیشنل آئی جی کرائم عبدالعلیم جعفری ،ڈ ی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ منیر شیخ, زونل ڈی آئی جیزکراچی و دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے ۔آئی جی سندھ نے ترقی پانے والے ڈی ایس پیز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ ایک نئے حوصلے اور عزم کے ساتھ عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے اور پولیس کے مجموعی امور انتہائی محنت لگن جانفشانی اور غیر جانبداری سے انجام دیتے ہوئے اس عہدے پر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اہلیت کو ثابت کریں گے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ محکمہ پولیس کو عوام کی خواہشات اور امنگوں کا ترجمان بنانے کے لیے ضروری ہے کہ پولیس پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جائے جس سے بلا شبہ پولیس کی مجموعی کارکردگی ناصرف بہتر ہوگی بلکہ پولیس اور عوام کے درمیان دوستانہ ماحول کو بھی فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں متعارف کردہ اصلاحات اور تطہیری عمل سے پولیسنگ کا معیار بہتری کی جانب گامزن ہے اور آنے والے دنوں میں مزید بہتری یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات سے تجاوز کسی بھی صورت ناقابل درگذر ہے شکایات کے مرتکب ٹھہرائے جانے والے افسران و جوان ناصرف انضباطی کارروائیوں کی زد میں آئیں گے بلکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیسنگ کے معیار میں فی زمانہ جدت لانے کے لیے اور پولیس کی فلاح وبہبود جیسے اقدامات کو ناصرف دستیاب وسائل بلکہ اس حوالے سے درکار وسائل کے حوالے سے قابل عمل سفارشات بھی حکومت سندھ کو منظوری کے لیے ارسال کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت آئی جی سندھ پولیس کو ایک مستعد اور ناقابل شکست فورس بنانا اور اس کے جملہ امور کو غیر جانبدار و عوام دوست بنانا میرا مقصد ہے اور مجھے قوی امید ہے کہ اس مقصد کی تکمیل میں پولیس اپنے انفرادی اور اجتماعی کردار کی بدولت ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائے گی۔