کراچی(اسٹاف رپورٹر) مین سپرہائی وے اورگلشن معمار سے ملحق آبادی احسن آباد ٹاؤن اسکیم 33معمار اپارٹمنٹ کے شہری بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ اب گیس کے پریشر کی کمی کی وجہ سے بھی سخت پریشان،متعدد بار شکایات کے باوجود کوئی ازالہ نہ ہوسکا۔کے الیکٹرک اور سوئی گیس کا عملہ چوری کو روکنے اور لائن لاسز کے خاتمے کی بجائے بلاجواز مختلف حربوں سے بل اداکرنے والے صارفین کو تنگ کرنے میں مصروف ہے۔رہائشیوں کا کہنا ہے کی احسن آباد اپارٹمنٹ کے بعض بلاکس میں تو گیس ہی نہیں آرہی ہے۔کئی خاندانوں اورخاص طورپرصبح سویرے اسکول جانے والے بچوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ احسن آباد اپارٹمنٹ کے رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ موسم سرما سے قبل ہی لائن لاسز اورچوری کو ختم کرکے اہل علاقہ کو بلاتعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ جماعت اسلامی کے مقامی رہنما راجہ شبیر نے بھی گیس کی کمی اورلوڈشیڈنگ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے زوردیا ہے کہ انسانی ہمدردی کے ناطے سوئی گیس کی انتظامیہ معاملے کو فوری طورپرحل کرے اورعوام کو احتجاج پر مجبورنہ کیا جائے،عوام پہلے ہی بے شمار مسائل کا شکار ہیں۔