انڈر 23 یوتھ فٹبال لیگ چیمپئن شپ میں مزید6میچوں کے فیصلے

101

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن ساؤ تھ کی زیر نگرانی انڈر 23 یوتھ فٹبال لیگ چیمپئن شپ ککری گراؤ نڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیمار الیون نے میسی الیون کو ایک کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ۔نیمار الیون کی جانب سے یاسر ، فتح شیر اور ثاقب نے ایک ایک گول اسکورکیا جبکہ میسی الیون کی جانب سے واحد گول عبداللہ نے کیا۔ دوسر ے میچ میں کرسٹیانو رونالڈو الیون نے ماراڈونا الیون کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا کر 3 قیمتی پوائنٹ حاصل کیے‘ کرسٹیانو رونالڈو الیون کی جانب سے نعمان اور محمد علی نے گول کیے۔ ماراڈونا الیون کی جانب سے واحد گول نبیل نے کیا۔تیسرے میچ میں زیڈان الیون نے روبن الیون کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا کر 3 قیمتی پوائنٹ حاصل کیے۔ چوتھے میچ میں ڈیوڈ بیکہم الیون اور پیلے الیون کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا‘ اس طرح دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے ۔ 5ویں میچ میں کاکا الیون نے رونالڈو الیون کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی ‘کاکا الیون کی جانب سے واحد گول احمد علی نے اسکور کیا ۔چھٹے میچ میں زیکو الیون اور فرینک لیمپارڈ الیون کے درمیان میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
’ میچ ریفری یونس لعل اور یوسف منصوری ڈپٹی ریفری یوسف فیفا ، اعظم ، انور میچ کمشنر اللہ بخش بلوچ تھے ۔