تحریک انصاف کا ہدف کرپٹ حکمرانوں کو گھر بھیجنا ہے،حلیم عادل شیخ

131

کراچی(اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ اللہ نے اگر موقع دیا تو تحریک انصاف کی حکومت اپنی عوام کوتمام تر بنیادی سہولیات فراہم کرے گی،نشتر پارک کا جلسہ شہر قائد کی رونقیں لوٹانے کے لیے ہے،لاہور میں تحریک انصاف کی ریلی کو روکنے کے لیے حکومت نے جان بوجھ کر عوام کو مشکلات میں ڈالا جبکہ تحریک انصاف کا ٹارگٹ کرپٹ حکمرانوں کو گھر بھیجنا ہے ناکہ عوام کو مصیبت میں ڈالنا ،جس کا فائدہ پنجاب حکومت نے اٹھاتے ہوئے سرکاری مشینری کے ذریعے عوام کو پریشان کرکے اٹھایا ہے ،مگر ہم نے فیصلہ کرلیاہے کہ جس نے عوام کی جان ومال کو نقصان پہنچایا ان سب کا احتساب کیا جائے گا تاکہ آئندہ کوئی بھی ملک دشمن پاکستان اور اس کی عوام کی جانب میلی نگاہ نہ ڈال سکے ۔ عادل ہاوس سے جاری بیان میں حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ہمارا جلسہ شہر قائد کی عوام کو اندھیروں اور ٹارگٹ کلنگ کرنے والوں کے خلاف ہے ،عوام دیکھے گی کہ نشترپارک کا جلسہ مظلوم اور بے سہارا عوام کی آواز ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کا قیام اور خوف کی فضا کو ختم کرنے میں تحریک انصاف کا کردار تاریخ کا حصہ بن چکاہے ،ہم آئندہ بھی شہر قائد کے لوگوں کی رہنمائی کے مطابق ان کے مسائل حل کریں گے تاکہ گزشتہ 30سالوں سے ان کو جو زخم ملے ہیں ان کا ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے پاس اس وقت محنتی اورعوام کا دکھ درد محسوس کرنے والے لوگ ہیں جو ہر حال میں عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ،تحریک انصاف غریب اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے ،جس کو موجودہ حکومت نے مسلسل نظر انداز کررکھاہے ،جو حکمران عوام کو مسلسل نظر انداز کررہے ہیں وہ کبھی اس ملک کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔انہوں نے مزید کہاکہ وزیراعظم اور اس کی جماعت قوم کے مستقبل کے دشمن ہیں ان لوگوں کی ملک میں موجودگی میں قوم کو کسی بھی دوسرے دشمن کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ ہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے عوام کو اپنے ہر دور میں معاشی دہشت گردی سے ہلاک کیا ہے۔